Urdu News

ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے پٹنہ میں حسن امام قاسمی کے شعری مجموعہ”جنوں آشنا”کا اجرا اوراعزازیہ تقریب

ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے پٹنہ میں حسن امام قاسمی کے شعری مجموعہ”جنوں آشنا”کا اجرا اوراعزازیہ تقریب

پٹنہ ،ابوشحمہ انصاری

حسن امام قاسمی کی شاعری سچی شاعری ہے۔ ان کی شاعری زمانے کی آواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ و صدر اردو میڈیا فورم نے "جنوں آشنا” کی رسمِ اجرا تقریب کی صدارت فرماتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر کے فن میں نمو اور عروج کے امکانات روشن ہیں۔ تقریب کا اہتمام ضیائے حق فائونڈیشن کی طرف سے اقرا ہال شریف کالونی پٹنہ میں کیا گیا تھا۔ نظامت کا فریضہ کامران غنی صبا نے انجام دیا۔ اس موقع پر امتیاز احمد کریمی رکن بہار پبلک سروس کمیشن پٹنہ و سابق ڈائرکٹر اردو ڈائرکٹوریٹ پٹنہ نے "جنوں آشنا” کی اشاعت پر حسن امام قاسمی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو علم و ادب کی دنیا میں ترقی کرتا ہوا دیکھ کر انہیں اردوکا مستقبل تا بناک نظر آتا ہے۔

 قومی تنظیم کے چیف ایڈیٹر ایس ایم اشرف فرید نے حسن امام قاسمی کی شاعری کو صالح فکر کی ترجمان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب قاسمی ایک عالم دین اور استاد بھی ہیں ساتھ ہی ایک اچھے شاعر بھی۔ لہٰذا ان کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ معروف ناقد پروفیسر صفدر امام قادری نے "جنوں آشنا” پر گفتگو کرتے ہوئے حسن امام قاسمی کی شاعری کے فن پر بہت ہی معروضیت کے ساتھ گفتگو کی۔ انہوں نے ایک طرف جہاں شاعر کے تخلیقی شعور پر روشنی ڈالی وہیں انہیں مفید مشوروں سے بھی نوازا۔ سینئرصحافی ڈاکٹر ریحان غنی نے کہا کہ حسن امام جیسے صالح فکر نوجوانوں کی تخلیقی ہنرمندی قابل رشک ہے۔

 کاروانِ اردو حاجی پور کے جنرل سکریٹری انوار الحسن وسطوی نے کہا کہ شاعری گرچہ میرا میدان نہیں ہے لیکن حسن امام قاسمی جیسے نوجوان شعرا کو پڑھ کر امید کی دنیا روشن ہوتی ہے۔ پروگرام کا آغاز حسن امام قاسمی کی تلاوت سے ہوا۔ ضیائے حق فائونڈیشن کے برانچ اونر ضیائے العظیم نے افتتاحی کلمات پیش کیے جبکہ فائونڈیشن کی چیئرمین ڈاکٹر صالحہ صدیقی نے تنظیم کا تعارف پیش کیا۔ رسم اجرا کے فوراً بعد نوجوان عالم دین مولانا نظر الہدی قاسمی نے کتاب کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر ضیائے حق فائونڈیشن کی طرف سے سینئرصحافی ڈاکٹر ریحان کو حضرت عثمان غنی صحافتی ایوارڈ اور ایس ایم اشرف فرید کو عمر فرید صحافتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی ناشاد اورنگ آبادی، خورشید اکرم سوز، مرغوب اثر فاطمی، مشتاق سیوانی اور نیاز نذر فاطمی کو ان کی شعری خدمات کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔

 ڈاکٹر صالحہ صدیقی کے شکریہ کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ پروگرام میں اشرف النبی قیصر، عبدالحنان، حسن امام رضوی، انوار الہدی، سرفراز عالم، عارف اقبال، خرم ملک، عظیم انصاری، شیث احمد، معراج ندوی،ماسٹر انظار احمد، تصدیقہ جہاں، فقیہ جہاں، قمر الدین احمد، سید سلمان غنی، مولانا مکرم حسین ندوی، صفوان غنی، توصیف رحمانی، صبغۃ رحمانی، ساجد اقبال، اسامہ غنی سمیت کثیر تعداد میں باذوق سامعین موجود تھے۔

Recommended