Urdu News

روہت شیٹی بالی ووڈ میں ایکشن فلمیں بنانے کے لیے مشہور

روہت شیٹی بالی ووڈ میں ایکشن فلمیں بنانے کے لیے مشہور

برتھ ڈے اسپیشل 14 مارچ

فلمی دنیا میں ایکشن فلمیں بنانے کے لیے مشہور روہت شیٹی 14 مارچ 1973 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ روہت نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیا۔ روہت کی والدہ رتنا شیٹی بالی ووڈ میں جونیئر آرٹسٹ کے طور پر کام کر چکی ہیں اور روہت کے والد ایم بی شیٹی بالی ووڈ کے مشہور اسٹنٹ مین اور ولن رہ چکے ہیں۔

بچپن میں ہی روہت کے سر سے ان کے والد کا سایہ اٹھ گیا جس کے بعد روہت کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن روہت نے ہمت نہیں ہاری۔ جب روہت شیٹی 17 سال کے تھے تو انہوں نے فلم پھول اور کانٹے میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کیا۔ اس کے علاوہ روہت نے 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم حقیقت میں بطور اسپاٹ بوائے کام کیا ہے۔ اس کے بعد روہت شیٹی نے بطور ہدایت کار سال 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم 'زمین' کی ہدایت کاری کی۔ اس فلم میں اجے دیوگن، بپاشا باسو اور ابھیشیک بچن مرکزی کردار میں تھے۔

 روہت شیٹی نے اپنے فلمی کیرئیر میں اب تک ہر طرح کی فلمیں کی ہیں جن میں اجے دیوگن کی گول مال سیریز، سنگھم، بول بچن، چنئی ایکسپریس، دل والے، سمبا وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ روہت نے کئی ٹیلی ویژن شوز کی میزبانی بھی کی ہے، جن میں کلرز ٹی وی پر نشر ہونے والے شو 'خطروں کے کھلاڑی' کے سیزن 5، 6، 8، 9 اور 10 شامل ہیں۔ اس کے ساتھ وہ ٹیلی ویژن شوز 'کامیڈی سرکس' اور 'انڈیاز نیکسٹ سپر اسٹار' میں جج بھی رہے۔

 روہت نے آج پوری دنیا میں اپنے بل بوتے پر پہچان بنائی ہے۔ملک اور بیرون ملک ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ روہت شیٹی کی کامیڈی فلم 'سرکس' جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں رنویر سنگھ، پوجا ہیگڑے اور جیکولین فرنانڈیز  مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

Recommended