Urdu News

عامر خان نے صرف آٹھ سال کی عمر میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا

عامر خان نے صرف آٹھ سال کی عمر میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا

برتھ ڈے اسپیشل 14 مارچ

فلمی دنیا میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان 14 مارچ 1965 کو مہاراشٹر میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد طاہر حسین ایک فلم پروڈیوسر تھے اور ان کے چچا ناصر حسین فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار تھے۔ عامر کو بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔

عامر خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز آٹھ سال کی عمر میں فلم یادوں کی بارات سے سے کیا۔ اس فلم میں انہیں مشہور فلمی اداکار دھرمیندر اور اداکارہ زینت امان کے ساتھ چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم کو ان کے چچا ناصر حسین نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ اس کے بعد سال 1974 میں انہیں فلم 'مدہوش' میں اداکاری کا موقع بھی ملا۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو خوب پذیرائی ملی تھی لیکن اس فلم کی ریلیز کے بعد عامر خان کافی عرصے تک فلمی دنیا سے دور رہے اور تقریباً دس سال بعد فلم 'ہولی' سے بڑے پردے پر واپس آئے۔ کیتن مہتا کی ہدایت کاری میں بنی اس ملٹی اسٹارر فلم میں عامر مرکزی کردار میں تھے۔ لیکن یہ فلم عامر کو کوئی خاص پہچان نہیں دلا سکی۔

اس کے بعد عامر کو 1988 میں اپنے کزن منصور خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'قیامت سے قیامت تک' میں اداکاری کا موقع ملا۔ اس فلم میں وہ جوہی چاولہ کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں۔ اس فلم میں عامر کی اداکاری کو خوب پذیرائی ملی اور یہ فلم باکس آفس پر زبردست کامیاب ہوئی۔ اس کے بعد عامر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

عامر اب تک کئی فلموں میں شاندار اداکاری کر چکے ہیں جن میں  دل ہے کہ مانتا نہیں، جو جیتا وہی سکندر، انداز اپنا اپنا، رنگیلا، سرفروش، غلام، لگان، دل چاہتا ہے، تارے زمین پر، تھری ایڈیٹس، دھوم-3، پی کے، دنگل وغیرہ۔ فلموں میں اداکاری کے علاوہ عامر نے کئی فلموں میں گانے بھی گائے ہیں جن میں 'غلام' کا 'آتی کیا کھنڈالا'، 'فنا' کا 'چندا چمک' اور 'تارے زمین پر' کا 'بم بم بول' شامل ہیں۔ ان سب کے علاوہ عامر کئی فلموں کے پروڈیوسر بھی رہ چکے ہیں جن میں لگان، جانے تو یا جانے نا اور تارے زمین پر شامل ہیں۔ عامر فلم ’تارے زمین پر‘ کے ہدایت کار بھی ہیں۔

فلم انڈسٹری میں ان کی قابل ستائش شراکت کے لئے حکومت ہند نے انہیں 2003 میں پدم شری اور 2010 میں پدم بھوشن سے نوازا۔ عامر خان کی ذاتی زندگی کی بات کریں تو عامر خان نے دو شادیاں کی ہیں۔ انہوں نے پہلی شادی رینا دتہ سے کی، جنہوں نے فلم قیامت سے قیامت تک میں ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا اور وہ فلم لگان کی پروڈیوسر بھی تھیں۔ لیکن سال 2002 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ عامر اور رینا کے دو بچے ہیں بیٹا جنید اور بیٹی ایرا۔ عامر نے دوسری شادی 2005 میں کرن راؤ سے کی، جو فلم 'لگان'  کی  معاون  ہدایت کار تھی۔ عامر اور کرن کا ایک بیٹا آزاد راؤ خان ہے۔ شادی کے 15 سال بعد، عامر اور کرن جولائی 2021 میں الگ ہو گئے۔ ملک اور دنیا میں اپنی پہچان بنانے والے عامر خان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ عامر جلد ہی کرینہ کپور کے ساتھ فلم 'لال سنگھ چڈھا' میں نظر آئیں گے۔

Recommended