فلم اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سمیت تین ملزمان کو منشیات کے ایک کیس میں ممبئی کی مجسٹریٹ عدالت نے ایک دن کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ این سی بی کے وکیل نے اس معاملے میں دو دن کی تحویل مانگی تھی۔ لیکن عدالت نے این سی بی کو ان تینوں کو صرف ایک دن کی تحویل میں دینے کا حکم دیا ہے۔
این سی بی کے وکیل نے اتوار کو مجسٹریٹ کی عدالت کو بتایا کہ کارڈیئل کروز جہاز پر ایک ہائی پروفائل پارٹی کے دوران نو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے تین افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ تینوں ملزمین منشیات اپنی آنکھوں کی عینک میں چھپا کر جہاز پارٹی میں لے گئے تھے۔ ان سے چرس، ایم ڈی اور کوکین سمیت ایک لاکھ 33 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں۔ ان ملزمان کے پاس منشیات کہاں سے آئے ہیں اور اس کیس میں کون ملوث ہے، تفتیش کے لیے ضروری دو دن کی تحویل ضروری ہے۔
اس کے بعد، آرین خان کے وکیل ستیش مانے شنڈے نے بتایا کہ درخواست دہندگان کو منتظمین نے مدعو کیا تھا۔ اس کے علاوہ، آرین خان نے منشیات کا استعمال نہیں کیا۔ اس لیے ان تینوں کی حراست دو دن کے لیے ضروری نہیں ہے۔ تینوں کو ایک دن کی تحویل دی جائے۔ معاملے کی تفصیلی سماعت کل ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ این سی بی نے ہفتہ کی رات کارڈیئل کروز جہازسے اداکار شاہ رخ خان کا بیٹا آرین خان، ارباز مرچنٹ، من من ڈیمچا، نوپور سارہ، عصمت سنگھ، موہک جیسوال، وکرانت چوکر، گومیت چوپڑا کو گرفتار کرتے ہوئے اور ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیاتھا۔ ان میں سے آرین خان، ارباز مرچنٹ اور من منن دھمیچا کو اتوار کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ این سی بی کی ٹیم پیر کو دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے جا رہی ہے۔