اداکارہ انوشکا شرما نے بطور ماڈل اپنے کیریئر کا آغاز کیا
اداکارہ انوشکا شرما آج اپنی 32 ویں سالگرہ منارہی ہیں۔ انوشکا شرما یکم مئی 1988 کو اجودھیا (اتر پردیش) میں ایک آرمی آفیسر کے گھرمیں پیدا ہوئیں۔ انوشکا نے اپنی اسکول کی تعلیم آرمی اسکول سے حاصل کی تھی اور ماونٹ کارمل کالج ، بنگلور سے آرٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ، وہ ماڈلنگ میں اپنا مقام بنانے کے لیے ممبئی چلی گئیں۔
انہوں نے لکیمے فیشن ویک میں وینڈل روڈریگس کے لیس ویمپ شو کے ماڈل کے طور پر اپنے ماڈلنگ کیریئر کا آغاز کیا اور روڈریک کے اسپرنگ سمر کلیکشن 2007 کے لیے مرکزی ماڈل کے طور پر منتخب ہوئیں۔ انوشکا اس کے بعد متعدد اشتہارات میں نظر آئیں۔ انوشکا کو ابتدا میں فلموں میں زیادہ دل چسپی نہیں تھی۔ لیکن جب انوشکا کو سنہ 2008 میں رب نے بنادی جوڑی میں مرکزی کردار میں اداکاری کرنے کا موقع ملا تو وہ نا نہ کہہ سکیں۔
آدتیہ چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’رب نے بنا دی جوڑی‘ میں مرکزی کردار میں انوشکا کے مقابل شاہ رخ خان تھے۔ انوشکا کو اپنی پہلی فلم میں شائقین نے خوب پذیرائی دی۔
یہ فلم باکس آفس پر ہٹ رہی تھی اور انوشکا نے اپنی پہلی فلم سے انڈسٹری میں اپنا نام روشن کیا۔ اس کے بعد ، 2010 میں ، انوشکا کی دو فلمیں ’بدمعاش کمپنی اور’بینڈ باجا بارات‘ ریلیز ہوئیں۔ انوشکا کی ان دونوں فلموں میں شاندار اداکاری نے انہیں فلم انڈسٹری کی مشہور اداکاراؤں میں سے ایک بنا دیا۔
اس کے بعد انوشکا کو کئی فلموں کے آفرز ملنا شروع ہوگئے۔ اپنے 13 سالہ فلمی کیریئر میں انوشکا نے ہر طرح کی فلموں میں اداکاری کی اور اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔ انہیں اکشے کمار ، شاہ رخ خان ، سلمان خان ، عامر خان اور بہت سے بڑے اداکاروں کے ساتھ بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع ملا۔