فلم اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو پیر کی رات دیر گئے ممبئی کرائم برانچ نے گرفتار کرلیاہے۔ اطلاعات کے مطابق کرائم برانچ نے اس سے قبل راج کندرا کو پیر کے روز پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا اور اس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ راج کندرا پرپورن انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا الزام ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرائم برانچ نے ایک فحش فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں رواں سال فروری میں ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔
اس معاملے میں راج کندرا کی گرفتاری کے بعد، انہیں طبی معائنے کے لیے جے جے اسپتال اور بعد میں پولیس کمشنر کے دفتر لے جایا گیا۔ راج کندرا کو آج یعنی منگل کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے پاس اس معاملے میں راج کندرا کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں اور وہ اس پورے معاملے میں اصل سازش کار دکھائی دیتے ہیں۔
ادھر کچھ عرصے سے، راج کندرا کسی نہ کسی وجہ سے مستقل بحث میں ہے۔ اس سے قبل اداکارہ اور ماڈل پونم پانڈے نے شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا اور ان کے ساتھی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا تھا۔
پونم پانڈے نے الزام عائد کیا کہ وہ بیرون ملک اور باہر سے آنے والی کالوں کی وجہ سے پریشان ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال جون میں ان کی ایپ پر ایک کال لائن (کال می، آئی اسٹرپ فار یو) لیک ہوئی تھی۔ ان کا دعوی ہے کہ یہ ایپ راج کندرا کی کمپنی کے ذریعہ چلائی جارہی تھی۔ اس وقت راج کندرا ممبئی کرائم برانچ کی تحویل میں ہے اور انہیں آج عدالت میں پیش کیا جانا ہے۔