راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کے بارے میں تبصرے پر پیر کو ممبئی کے مولند پولیس اسٹیشن میں معروف نغمہ نگارجاوید اختر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر ایڈوکیٹ سنتوش دوبے کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایڈووکیٹ سنتوش دوبے نے گزشتہ ماہ جاوید اختر کو سنگھ کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے پر قانونی نوٹس بھیجا تھا۔ ایڈوکیٹ دوبے کے مطابق انہوں نے جاوید اختر کو معافی مانگنے کا نوٹس بھیجا تھا، لیکن اختر نے معافی نہیں مانگی۔ اس وجہ سے انہوں نے پیر کو جاوید اختر کے خلاف ملند پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا ہے۔
ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے 76 سالہ نغمہ نگار جاوید اختر نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور وشو ہندو پریشد کا موازنہ طالبان سے کیا تھا۔ دوبے نے دعوی کیا تھا کہ اس طرح کے بیانات دے کر اختر نے آئی پی سی کی دفعات 499 اور 500 کے تحت جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 27 ستمبر کو سنگھ کے مقامی کارکن وویک چمپانکر نے جاوید اختر کے ریمارکس کے خلاف مہارشٹرا کے تھانے ضلع کی ایک عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ بھی دائر کیا ہے۔ اس معاملے میں عدالت نے جاوید اختر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 12 نومبر تک اپنا جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔