Urdu News

دیپک تیجوری فلموں میں سائیڈ رول ادا کرکے بھی سپر ہٹ ثابت ہوئے

دیپک تیجوری

(یوم پیدائش پرخاص28 اگست)

اداکار دیپک تیجوری کا شمار بالی ووڈ کے نامور اور افسانوی اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 90 کی دہائی کی کئی فلموں میں اپنی پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔ دیپک تیجوری 28 اگست 1961 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ دیپک نے اپنی تعلیم ممبئی سے مکمل کی ہے۔ دیپک تیجوری شروع سے ہی اداکاری میں دلچسپی رکھتے تھے۔ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد، انہوں نے ایک تھیٹر گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ یہاں ان کی ملاقات آشوتوش گواریکر، وپول شاہ اور عامر خان سے ہوئی۔ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلم انڈسٹری میں سرگرم رہنے والے دیپک نے اپنے کیریئر کا آغاز 1988 کی فلم 'تیرا نام میرا نام' سے کیا۔ دیپک نے کئی بالی ووڈ فلموں میں معاون کردار ادا کیا۔ فلموں میں معاون اداکار کے طور پر نظر آنے کے باوجود، دیپک کو شائقین کی طرف سے بہت پیار اور تعاون ملا۔

دیپک تیجوری نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا جیسے عاشقی، جو جیتا ووہی سکندر، کھلاڑی، بادشاہ، انجام، کبھی ہاں کبھی نا جیسی کئی ہٹ فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ دیپک نے ہدایت کاری کے میدان میں بھی اپنی قسمت آزمائی۔ انہوں نے فلم 'اوپس' سے ہدایتکاری کا آغاز کیا۔ اس کے بعد دیپک نے فلموں فریب (2005)، خاموش… خوف کی رات (2005)، ٹام ڈک اینڈ ہیری (2006) اور فاکس (2009) کی ہدایت کاری کی۔

دیپک تیجوری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'فریب' نے 2001 میں انڈین ٹیلی ویژن اکیڈمی کا بہترین منیسیریز کا ایوارڈ جیتا۔ انہوں نے سال 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم 'دو لفطوں کی کہانی' کی ہدایت کاری کی۔ دیپک تیجوری بڑے پردے کے ساتھ ساتھ چھوٹی سکرین کے مشہور رئیلٹی شو بگ باس سیزن ون کا حصہ رہے ہیں۔ اس سے قبل دیپک 1985 میں سیریل ادھر ادھر میں بھی نظر آچکے ہیں۔ دیپک زی 5 پر سال 2019 میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز میں  نظر آئے تھے۔ اب وہ ایک بار پھر ویب سیریز  ای لیگل جسٹس آؤٹ آف آرڈر میں نظر آئیں گے۔

دیپک تیجوری کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کریں توان کی بیوی کا نام شیوانی ہے جو کہ ایک فیشن ڈیزائنر ہیں۔ دیپک اور شیوانی کی ایک بیٹی ہے جس کا نام سمارا ہے۔

Recommended