مشہور فلم اداکار دلیپ کمار ہندوجا اسپتال میں داخل
ممبئی ، 06 جون (انڈیا نیرٹیو)
مشہور فلم اداکار دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کے سبب اتوار کی صبح ممبئی کے پی ڈی ہندوجا اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ ان کا علاج ڈاکٹر نتن گوکھلے کی نگرانی میں اسپتال میں شروع کیا گیا ہے۔
مشہور اداکارہ اور دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا کہ دلیپ کمار جی کو پچھلے کچھ دن سے سانس لینے میں پریشانی ہو رہی تھی۔ اتوار کی صبح جب پریشانی بڑھ گئی دلیپ صاحب کو صبح 8بج کر30 بجے کھار روڈ پر واقع پی ڈی ہندوجا اسپتال لایاگیا،یہاں ڈاکٹر ان کا علاج کر رہے ہیں اور ہم نے کچھ ٹیسٹ کروائے ہیں ، اور رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ براہ کرم دعا کریں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں اور ہم انہیں جلد گھر لے جائیں۔
اس سے قبل 98 سالہ اداکار دلیپ کمارکو 05 مئی کو باقاعدہ چیک اپ کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ سانس کی قلت کی وجہ سے آج انہیں ہندوجا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ان کی صحت مستحکم ہے۔
دلیپ کمار 1944 میں فلم جواہر بھاٹا سے اپنے فلمی کرئیر کا آغاز کیا تھا۔ان کی فلموں کوہ نور،شہید،دیوداس،نیا دور،رام شیام ،بیراگ، سوداگر، شکتی ،ودھاتااور مشہور زمانہ فلم مغل اعظم میں اداکارہ کے جوہر دکھائے تھے۔انہیں آخری بار 1998 میں فلم قلعہ میں دیکھا گیاتھا۔انہیں شہنشاہ جذبات کہا جاتا ہے۔وہ راجیہ سبھا کے ممبر بھی رہے ہیں۔حال میں ان کی پاکستان میں واقع آبائی رہائش گاہ کو یادگار بنانے کا پاکستانی حکومت نے اعلان۔ کیا ہے۔