Urdu News

فلم اسٹار اکشے کمار نے کیا سرحدی علاقہ تلیل کادورہ

فلم اسٹار اکشے کمار نے کیا سرحدی علاقہ تلیل کادورہ

 اسکول کی تعمیرکے لیے ایک کروڑ روپے کاعطیہ پیش کیا

سری نگر، 18جون(انڈیا نیرٹیو)

فلم اسٹار اکشے کمار نے سرحدی علاقہ تلیل کا دورہ کرنے کے دوران یہاں ایک دورافتادہ گاؤں میں اسکول تعمیر کرنے کےلیے ایک کروڑروپے کی رقم بطورعطیہ پیش کیا۔

فلم نگری ممبئی کی بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ہیرو اکشے کماران دنوں کشمیر کے دورے پرہیں اور وہ سرحدی علاقوں میں جاکر فوج ونیم فوجی دستوں کے افسروں اورجوانوں کے ساتھ وقت گزارنے میں مصروف ہیں۔ کھلاڑیوں کے کھلاڑی اکشے کمار نے جمعرات کوشمالی ضلع بانڈی پورہ کے سرحدی تحصیل گریز کے ایک دورافتادہ علاقہ تلیل کادورہ کیا، جہاں بالی ووڈاسٹار نے لائن آف کنٹرول پرتعینات فوج وبی ایس ایف کے افسروں وجوانوں کیساتھ ساتھ سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیرعام لوگوں کیساتھ بھی ملاقات کی۔

اکشے کمار نے جمعرات کودن کے 12 بجے ایک فوجی ہیلی کاپٹر میں تلیل پہنچے، جہاں انہوں نے ایل اوسی پرتعینات سیکورٹی افسروں وجوانوں کیساتھ سرحدکے بالکل نزدیک واقع نیرؤنامی گاؤں میں ملاقات کی۔ اس دوران اکشے کمار نے یہاں رہنے والے عام شہریوں کی حالت زار کوبھی بچشم خود دیکھا۔

انہوں نے نیرو تلیل میں رہنے والے عام شہریوں کیساتھ بات کرکے اُن سے درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔مقامی لوگوں نے فلمی ہیرؤ کوبتایاکہ ہمارے یہاں بنیادی سہولیات کی کافی کمی ہے،اورسب سے بڑا مسئلہ ہمارے بچوں وبچیوں کی تعلیم کاہے، کیوں کہ اس گاؤں میں اسکول نہیں ہے۔ اکشے کمار نے لوگوں کے سامنے یہاں اسکول تعمیر کرنے اوربچوں وبچیوں کودیگر لازمی سہولیات بہم رکھنے کے لیے ایک کروڑروپے کاعطیہ کیا۔ 

انہوں نے لوگوں سے کہاکہ تلیل ایک خوبصورت علاقہ ہے اورمیری خواہش ہے کہ یہاں کے بچے بچیاں تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کوروشن بنائیں۔اکشے کمار نے کہاکہ میں نیرؤ تلیل میں اسکول تعمیر کرنے اورزیرتعلیم بچوں وبچیوں کوتمام لازمی سہولیات بہم رکھنے کے لیےایک کروڑ روپے بطورعطیہ پیش کرتاہوں۔

Recommended