Urdu News

سہیل خان کو آپ کیسے جانتے ہیں بالی ووڈ میں؟ سالگرہ پر خاص تحریر

ورسٹائل اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار سہیل خان

ورسٹائل اداکار،پروڈیوسراورہدایت کار سہیل خان نے بالی ووڈ میں اپنی خاص پہچان بنائی ہے۔ سہیل خان 20 دسمبر 1970 کو مہاراشٹر میں پیدا ہوئے۔

سہیل بالی ووڈ کے مشہوراسکرین رائٹرز سلیم خان اور سلمیٰ خان کے بیٹے ہیں۔ ان کے بڑے بھائی ارباز خان اور سلمان خان بھی بالی ووڈ کے کامیاب اداکار ہیں۔

سہیل نے بطور ہدایت کار اپنے کیرئیر کا آغاز سال 1997 میں فلم ’آزار‘سے کیا۔ اس فلم میں سنجے کپور، سلمان خان اور شلپا شیٹھی اہم کرداروں میں تھے۔ اس کے بعد سہیل نے 1998 کی کامیاب فلم پیار کیا تو ڈرنا کیا کی ہدایت کاری کی۔

وہ اس فلم کے پروڈیوسر بھی تھے۔ اس فلم میں سلمان خان، ارباز خان، کاجول اور دھرمیندر مرکزی کردار میں تھے۔ اس کے بعد سہیل نے بالی ووڈ میں اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم میں نے دل تجھ کو دیا سے کیا۔

 اس فلم میں اداکاری کے علاوہ سہیل نے فلم کے پروڈیوسر ڈائریکٹر اور اسٹوری رائٹر کی کمان بھی سنبھالی لیکن یہ فلم باکس آفس پر ناکام ہوگئی۔ 2005 کی فلم میں نے پیار کیوں کیا سہیل خان کی پہلی ہٹ فلم تھی۔ اس کے بعد سہیل نے کئی فلموں میں کام کیا، جن میں ڈرنا منع ہے، کرشنا کاٹیج، آرین، ہیروز، گاڈ تسی گریٹ ہو، لو یاتری وغیرہ شامل ہیں۔

سہیل کی ذاتی زندگی کی بات کریں تو انہوں نے 1998 میں پنجابی ہندو لڑکی سیما سچدیو کے ساتھ محبت کی شادی کی تھی۔ لیکن سال 2022 میں دونوں میں طلاق ہو گئی۔ سہیل اور سیما کے دو بیٹے یوہان اور نروان ہیں۔

Recommended