Urdu News

ہندوستانی سنیما کی پہلی سپر اسٹاراداکارہ سری دیوی

اداکارہ سری دیوی

برتھ ڈے اسپیشل13 اگست

اداکارہ سری دیوی آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن انہوں نے اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش ناظرین کے دلوں پر چھوڑے ہیں۔ ان کی یادیں آج بھی فلم شائقینکے ذہنوں میں موجود ہیں۔ سری دیوی بالی ووڈ کی ان خوبصورت اور مشہور اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نہ صرف اداکاری کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ اس میدان میں بھی انہوں نے کامیابی کی بلندیوں کوبھی چھوا۔ انہوں نے ہندی، تمل، تیلگو، ملیالم اور کنڑ زبان کی فلموں میں بھی اداکاری کی اور شائقین کے دلوں میں اپنی خاص جگہ بنائی۔

سری دیوی کا اصل نام سری اما ینگر ایپن ہے جو 13 اگست 1963 کو پیدا ہوئیں۔ ہندوستانی سنیما کی پہلی سپر اسٹار کہی جانے والیسری دیوی نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز صرف چار سال کی عمر میں تمل فلم 'کندھن کرونائی' سے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا۔ سری دیوی کو 1971 کی ملیالم فلم پومبتا کے لیے کیرالہ اسٹیٹ فلم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اس دوران انہوں نے کئی تمل-تیلگو اور ملیالم فلموں میں کام کیا۔

سری دیوی نے 1972 میں فلم رانی میرا نام سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس فلم میں سری دیوی کو مشہور اداکار اشوک کمار کے ساتھ اداکاری کا موقع ملا۔ 1979 کی آئی فلم 'سولہ ساون' سری دیوی کی بطور لیڈ اداکارہ بالی ووڈ میں پہلی فلمہے۔ انہیں اصل پہچان 1983 میں فلم 'ہمت والا' سے ملی۔ اس فلم میں سری دیوی اداکار جتیندر کے اپوزٹ مرکزی کردار میں نظر آئیں۔ فلم میں سری دیوی کی اداکاری کو شائقین نے خوب سراہا اور یہ فلم باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی سری دیوی بالی ووڈ کی ٹاپ اداکاراوں میں شامل ہوگئیں۔ اس وقت کا ہر بڑا پروڈیوسر سری دیوی کو اپنی فلموں میں لینا چاہتا تھا۔ سری دیوی کو مسلسل کئی فلموں کی آفرس مل رہی تھیں۔ بالی ووڈ میں ان کے نام کا سکہ چلنے لگا اور ان کی کئی فلمیں ایک کے بعد ایک بڑے پردے پر ریلیز ہوئیں۔

سری دیوی کی اہم فلموں میں تحفہ، صدمہ، نگینہ، مسٹر انڈیا، چالباز، چاندنی، خدا گواہ، لاڈلا، مسٹر بیچارا، جدائی، انگلش ونگلش، موم وغیرہ شامل ہیں۔ سری دیوی کو سنیما میں ان کی غیر معمولی شراکت کے لیے کئی ایوارڈس سے نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ہی حکومت ہند نے انہیں سال 2013 میں پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا۔

جب سری دیوی کا کیریئر اپنے عروج پر تھا تو انہوں نے سال 1996 میں پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کرلی۔ اگرچہ بونی کپور پہلے سے شادی شدہ تھے لیکن وہ سری دیوی کی محبت میں اس قدر گم تھے کہ انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی۔ سری دیوی بھی بونی کپور کی محبت میں اس قدر کھوئی تھیں کہ شادی سے پہلے ہی حاملہ ہو گئیں۔ سری دیوی اور بونی کپور کی دو بیٹیاں جاہنوی کپور اور خوشی کپور ہیں۔ جاہنوی بالی ووڈ میں بطور اداکارہ قائم ہو چکی ہیں۔

سری دیوی کی موت 24 فروری 2018 کو دبئی کے ایک ہوٹل میں باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی۔ آج بھی یقین کرنا مشکل ہے کہ فلموں میں اپنی اداکاری سے ہر طرح کے کرداروں کو زندہ کرنے والی سری دیوی اب ہمارے درمیان نہیں ہیں۔

Recommended