Urdu News

ہندوستانی سنیما کو مغل اعظم کا شاہکار دینے والے کے آصف کا یوم پیدائش

شاہکار فلم مغل اعظم

تاریخ کے صفحات میں 14 جون

تاریخ میں 14 جون کو کئی عظیم لوگوں کے یوم پیدائش کے طور پر سنہری حروف میں لکھا گیا ہے۔ ان میں ہندوستانی سنیما سے لے کر کھیل، موسیقی اور سیاست تک ملکو بیرون ملک کے بہت سی مشہور شخصیات ہیں۔ ایسا ہی ایک نام ہدایت کار کے آصف کا ہے جنہوں نے ہندوستانی سنیما کو مغل اعظم جیسی کلاسک فلم دی۔ اس دن پیدا ہونے والوں میں ٹینس کی دنیا میں ایک خاص مقام رکھنے والی جرمنی کی اسٹیفی گراف، کلاسیکی موسیقی کی عظیم ہیرا بائی بارودکر، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ارجنٹینا کے انقلابی رہنما چیگویرا شامل ہیں۔

اترپردیش کے اٹاوہ میں 14 جون 1922 کو  پیدا ہوئے کریم آصف یعنی کے آصف کو مغل اعظم بنانے میں 14 سال لگے۔ یہ فلم 05 اگست 1960 کو ریلیز ہوئی۔ انہوں نے اس  شاہکار کوبنانے میں جنون کی تمام حدیں پار کر دیں۔ یہ ان کی زندگی کی واحد کامیاب اور خوبصورت فلم ہے۔ اس سے پہلے کے آصف نے 1945 میں فلم’پھول‘ کی ہدایت کاری کی۔ یہ باکس آفس پر کامیاب بھی ہی۔ اس کے بعد ہی آصف نے مغلیہ آن بان شان کو اسکرین پر لانے کا خواب پورا کرنے کے لیے مغل اعظم بنانے کا فیصلہ کیا۔

آصف نے مغل اعظم کے لیے 15 سے 20 لاکھ روپے کا بجٹ مقرر کیا۔ حالانکہ اس وقت فلم چار پانچ لاکھ روپے میں بنتی تھی۔ مغل اعظم کی تعمیر میں تقریباً 1.5 کروڑ روپے خرچ ہوگئے۔ اس فلم کی موسیقی مشہور موسیقار نوشاد نے دی تھی۔ آصف نے 'انارکلی' کے کردار کو بلند کرنے کے لیے 20 گانے ریکارڈ کیے۔ فلم کی ریل کی لمبائی کی وجہ سے صرف 12 گانے ہی ڈالے گئے۔ کانوں سے سیدھے دل میں اترنے والے اس فلم کے مکالمے کو کے آصف نے  اس دور کے چار مشہور لوگوں سے لکھوائے۔ ان میں کمال امروہی، امان اللہ خان (اداکارہ زینت امان کے والد)، وجاہت مرزا اور احسان رضوی جیسے مغلیہ تاریخ کے جاننے والے شامل تھے۔

اس فلم کا پریمیئر ممبئی کے 'مراٹھا مندر' میں رکھا گیا تھا۔ اسے مغلوں کے محل کی طرح سجایا گیا تھا۔ فلم کی ریلیز سے ایک دن قبل جب تھیئٹر ایڈوانس ٹکٹ بکنگ کے لیے کھولا گیا تو باہر ایک لاکھ سے زیادہ فلم شائقین  موجود تھے۔ تب ٹکٹ کی قیمت ڈیڑھ روپے ہوا کرتی تھی لیکن اس فلم کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے رکھی گئی۔ یہ فلم مراٹھا مندر میں تقریباً تین سال تک چلی۔

Recommended