Urdu News

کاجول بہترین ولن اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی اداکارہ

بالی ووڈ کی چلبلی اداکارہ کاجول

یوم پیدائش  پر خاص تحریر(5 اگست)

بالی ووڈ کی چلبلی اداکارہ کاجول نے اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل نہیں جیتے بلکہ وہ خصوصی مقام بھی حاصل کیا جس کا ہر کوئی خواب دیکھتا ہے۔ 5 اگست 1974 کو پیدا ہونے والی کاجول تجربہ کار اداکارہ تنوجا اور آنجہانی ڈائریکٹر پروڈیوسر سومو مکھرجی کی بیٹی ہیں۔ کاجول، جو ایک فلمی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، نے فلموں کو بھی اپنے کیریئر کے طور پر منتخب کیا اور 1992 میں فلم 'بے خودی' سے 16 سال کی عمر میں فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد کاجول کو شاہ رخ خان اور شلپا شیٹی کے ساتھ فلم 'بازیگر' کرنے کا موقع ملا، جسے ناظرین نے بہت پسند کیا۔

کاجول نے بہت کم وقت میں شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنالی۔کاجول کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات  کریں تو انہوں نے اداکار اجے دیوگن سے 24 فروری 1999 کو شادی کی۔ اس دوران انہیں مداحوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ کیونکہ اس وقت کاجول اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔ اجے دیوگن اور کاجول کا طرز زندگی اور مزاج ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے۔ اس کے پیش نظر بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ دونوں کی شادی زیادہ دیر نہیں چلے گی، لیکن آج بالی وڈ میں دونوں کی جوڑی کی مثال دی جاتی ہے۔ کاجول-اجے کی ایک بیٹی نیاسا اور ایک بیٹا یوگ ہے۔

کاجول نے کئی بالی وڈ ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔ اپنے بنداس انداز اور چلبلے رویہ کے لئے جانی جانے والی کاجول کی بڑی فلموں میں ہلچل، غنڈہ  راج، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، گپت: دی  ہیڈین ٹروتھ، عشق، پیار کیا تو ڈرنا کیا، پیار تو ہونا ہی تھا، کبھی خوشی کبھی غم، فنا،  مائی نیم از  خان، دل والے، تنہاجی وغیرہ۔ فلم گپت میں کاجول کا کردار گرے شیڈز کا تھا۔

انہیں فلم میں مضبوط اداکاری پر بہترین ولن کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔فلم انڈسٹری کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی اداکارہ کو بہترین ولن کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ، انہیں 1996 میں دل والے  دلہنیا لے جائیں گے  کے لیے فلم فیئر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا، 1999 میں فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' کے لیے، 2002 میں 'کبھی خوشی کبھی غم' کے لیے فلم فیئر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ، 2007 میں فلم فیئر فلم 'فنا' کے لیے اداکارہ کا ایوارڈ اور 2011 میں ' مائی نیم ازخان' کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ۔

اس کے علاوہ فلموں میں قابل ستائش شراکت کے لیے کاجول کو سال 2011 میں حکومت ہند نے پدم شری ایوارڈ سے نوازا تھا۔ فلموں کے علاوہ کاجول سماجی کاموں سے وابستہ ہیں۔ وہ ایک این جی او 'شکشا' کی رکن ہیں جو بچوں کی تعلیم پر کام کرتی ہے۔ کاجول، بہترین اداکارہ جنہوں نے بالی ووڈ میں اپنی شاندار اداکاری کا ثبوت دیا ہے، سوشل میڈیا پر بھی بہت سرگرم ہیں۔ ملک اور بیرون ملک ان کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

Recommended