وکی کوشل اور کٹرینہ کیف کی شادی کا چرچا ہر طرف ہے۔ ہر کوئی اس شاہی شادی کی لمحہ بہ لمحہ خبر جاننے کے لیے بے تاب ہے۔ لیکن اس دوران اپنے اوٹ پٹانگ بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی کنگنا رناوت نے بالی ووڈ کے اس جوڑے پر اپنا ردعمل دیا ہے۔
کنگنا رناوت نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے اور شادی میں دولہا اور دلہن کی عمر کے فرق پر اپنا ردعمل دیا ہے۔ اگرچہ کنگنا نے اپنی پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا ہے لیکن ان کی یہ پوسٹ وکی کیٹ کی شادی کے چرچے کے درمیان سامنے آئی ہے اورکٹرینہ کیف وکی کوشل سے پانچ سال بڑی ہیں جس سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ کنگنا نے یہ پوسٹ صرف وکی کیٹ کے بارے میں کی ہے۔
کنگنا نے لکھا، 'بڑے ہو کر ہم نے ایسی بہت سی کہانیاں سنی ہیں جہاں امیر مردوں نے اپنے سے چھوٹی عمر کی لڑکی سے شادی کی۔یہاں تک کہ ایک لڑکی کا اپنے شوہر سے زیادہ کامیاب ہونا بھی منظور نہیں کیا جاتا تھا۔ چھوٹی عمر کے مرد سے شادی کرنے کی بات توبہت دور ایک عمر کے بعد شادی ہوپانابھی مشکل ہو جاتا ہے۔یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ بھارتی فلم انڈسٹری کی لڑکی بھی اس قدامت پسند سوچ کو توڑ کر آگے بڑھ رہی ہے۔
کنگنا کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور مداح اس کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔ ویسے، کنگنا کی اس پوسٹ سے صاف ہے کہ وہ وکی اورکٹرینہ کی شادی کو جواز بنا رہی ہیں اور کھل کر ان کی حمایت کر رہی ہیں۔ دوسری جانب اگر وکی کیٹ کی شادی کی بات کی جائے تو دونوں کل یعنی 9 دسمبر کو سات پھیرے لے کر شادی کریں گے۔