ساوتھ انڈین فلم کے جی ایف کا دوسرا پارٹ کے جی ایف-2 ان دنوں نہ صرف ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کے سینما گھروں میں دھوم مچا رہا ہے بلکہ اب تک کے تمام ریکارڈس بھی توڑ رہی ہے۔ پرشانت نیل کی ہدایت کاری میں بننے والی کے جی ایف۔ 2 کو ریلیز ہوئے صرف 6 دن ہوئے ہیں اور اتنے کم وقت میں اس نے کئی نئے ریکارڈس اپنے نام کر لیے ہیں۔
فلم نقاد ترن آدرش نے ٹویٹ کرکے فلم کے دنیا بھر میں ہونے والے کلیکشن کے بارے میں معلومات دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلم نے ملک میں صرف 6 دنوں میں ہندی میں تقریباً 240 کروڑروپے کا بزنس کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ورلڈوائیڈ باکس آفس پرفلم نے 600 کروڑ کلب میں داخلہحاصل کر لیا ہے۔ فلم کا پانچ دنوں میں دنیا بھر میں 625.12 کروڑ روپے کا کلیکشن رہا ہے جس کے بعدیہ ہندوستان کی ٹاپ 9 فلموں میں شامل ہو چکی ہے۔
ترن آدرش مزید لکھتے ہیں کہ کے جی ایف-2 نے ریلیز کے چھٹے دن 19.14 کروڑ روپے کمائے۔ فلم نے پہلے دن یعنی جمعرات کے روز 53.95 کروڑ، دوسرے دن 46.79 کروڑ، تیسرے دن ہفتہ 42.90 کروڑ، چوتھے دن 50.35 کروڑ اور پیر کے روز پانچویں دن 25.57 کروڑ کی کمائی کی تھی اور اس کے ساتھ ہی فلم کی کل کمائی 200 کروڑکے پار ہوگئی تھی۔ اب چھٹے دن فلم کی کمائی 19.14 کروڑ روپے رہی، جس سے کل کمائی 238.70 کروڑ ہو گئی۔
قابل ذکر ہے کہ کے جی ایف۔2 پہلی کنڑ فلم ہے جو تقریباً 100 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنی ہے۔ فلم کو کنڑ، تیلگو، ہندی، تمل اور ملیالم زبانوں میں تقریباً 10,000 اسکرین پر ریلیز کیا گیا ہے۔ کے جی ایف پارٹ۔ 2 میں ساؤتھ کے سپر اسٹار یش مرکزی کردار میں ہیں۔ فلم میں ان کے کردار کا نام راکی ہے۔ سنجے دت ولن کے طور پر ادھیرا کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ روینہ ٹنڈن رمیکا سین کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان سب کے علاوہ سری ندھی شیٹی، پرکاش راج، مالویکا اویناش اور راو رمیش بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم سال 2018 میں ریلیز ہوئی کے جی ایف چیپٹر ون کا دوسرا حصہ ہے۔ ’کے جی ایف چیپٹر۔2‘ کو وجے کیراگندور نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایت کاری پرشانت نیل نے کی ہے۔