Urdu News

فلموں کا کامیاب گیت کار: شکیل بدایونی

شکیل بدایونی

 فلموں کا کامیاب گیت کار: شکیل بدایونی

ہندوستانی فلموں کو جن نغمہ نگاروں نے اپنے گیتوں سے سجایا ان میں ایک بہت اہم نام شکیل بدایونی کا ہے۔ شکیل بدایونی کے علاوہ آرزو لکھنوی، راجندر کرشن، ساحر لدھیانوی، کیفی اعظمی، جاں نثار اختر، شیلیندر، اندیور، مجروح سلطان پوری، حسرت جے پوری، آنند بخشی، ندا فاضلی، گلزار، اور جاوید اختر جیسے شاعروں نے ہندوستانی فلموں کو کامیاب ترین گیتوں سے نوازا۔ اس فہرست میں جوش ملیح آبادی، علی سردار جعفری، کیف بھوپالی اور راحت اندوری جیسے شاعروں کا نام بھی شامل ہوگا۔ فہرست سازی مراد نہیں لیکن اتنا ضرور ہے کہ ہندوستانی فلموں کے پانچ کامیاب ترین نغمہ نگاروں کے نام لکھنے ہوں تو شکیل بدایونی، ساحر لدھیانوی، مجروح سلطان پوری، آنند بخشی اور جاوید اختر کے نام اس فہرست میں شامل ہونگے۔ 
شکیل بدایونی 3اگست 1916 کو بدایوں میں پیدا ہوئے۔ جوش ملیح آبادی یا جاں نثار اختر کی طرح شکیل کو شاعری وراثت میں نہیں ملی تھی۔ ہاں بدایوں کا علمی ادبی ماحول شعر و سخن کے لئے سازگار تھا۔ ان کے ایک دور کے رشتہ دار ضیاء قادری اپنی نعتیہ شاعری کے لئے شہرت رکھتے تھے۔ نوجوان شکیل میں فطری جوہر موجود تھا، ضیاء قادری سے ترغیب ملی اور جب1936 میں صرف بیس برس کی عمر میں علی گڑ ھ مسلم یونیورسٹی پہنچے تو ان کی فطری شعری صلاحیت کو نکھرنے کا بھرپور موقعہ ملا۔ علیگڑھ میں دوران تعلیم وہ حکیم عبدالوحید اشک بجنوری سے اصلاح سخن لیتے رہے۔ علی گڑ ھ کی جن ادبی فضاؤں نے علی سردار جعفری، اسرار الحق مجاز، جاں نثار اختر، معین احسن جذبی اور علی جواد زیدی جیسے شاعروں کو پروان چڑھایا اسی فضا میں شکیل بدایونی کی نشو نما ہوئی۔ لیکن شکیل کا رحجان ترقی پسند شاعری کی جانب نہیں تھا۔ ان کے ہم عصر شاعر مزدوروں کسانوں پہ نظمیں لکھ رہے تھے، انقلاب کی باتیں کر رہے تھے، لیکن شکیل بدایونی رومانی فضاؤں میں کھوئے ہوئے تھے۔ انھی رومان پرور فضاؤں میں مشاعروں کے اسٹیج نے شکیل نام کے ایک نوجوان شاعر کو علمی ادبی حلقوں میں متعارف کرایا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد شکیل کو ایک چھوٹی سی ملازمت مل گئی اور وہ دہلی آگئے۔ ملازمت کے ساتھ ساتھ مشاعروں میں ان کی شرکت بھی ہوتی رہی۔ مشاعروں کی مقبولیت نے انھیں پوری طرح شاعری میں ڈوب جانے کا موقعہ دیا۔ ملازمت چھوڑ دی او ر  1944 میں بلاد العروس بمبئی (اب ممبئی) کا رخ کیا۔فلم نگری بمبئی  باہر سے آنے والوں کا پر تپاک خیر مقدم نہیں کرتی بلکہ امتحان لیتی ہے۔ جو اس امتحان میں پاس ہو جائے اسے یہ نگری عزت، شہرت، دولت سب کچھ عطا کرتی ہے۔ شکیل بدایونی کے لئے بھی راہ آسان نہ تھی۔ امتحان سے گزرنا پڑا۔ لیکن خوش قسمتی سے موسیقار اعظم نوشاد سے ملاقات ہو گئی اور پھر شکیل بدایونی نے پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھا۔   
اے آر کاردار اس زمانے کے مشہور فلم کار تھے۔ اور نوشاد علی بطور میوزک ڈائریکٹر اے آر کاردار کے لئے کام کرتے تھے۔  1944میں جب شکیل بدایونی بمبئی پہنچے تو اس وقت نوشاد علی بطور میوزک ڈائریکٹر اپنے قدم جما چکے تھے۔1940میں ریلیز ہوئی فلم”پریم نگر ”بطور میوزک ڈائریکٹر ان کی پہلی فلم تھی۔ 1944میں اے آر کاردار کی فلم    ”رتن”کی بے پناہ مقبولیت نے نوشاد کو کامیابی کی بلندی پر پہنچا دیا۔ اسی برس جب شکیل بدایونی اے آر کاردار سے ملے تو انھوں نے نوشاد صاحب سے ملنے کو کہا۔ اس وقت کاردار صاحب فلم ”درد”بنانے کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ کاردار اور نوشاد صاحب نے شکیل بدایونی سے دو مصروں میں درد کی کیفیت کو بیان کرنے کو کہا۔ حسبِ حکم شکیل بدایونی نے فی البدیع یہ شعرسنا دیا: 
ہم  درد کا  افسانہ دنیا  کو سنا  دیں  گے
ہر دل میں محبت کی اک آگ لگا دیں گے
نوشاد علی جیسے جوہری کو ہیرے کی پہچان کرنے میں دیر نہیں لگی۔ انھوں نے فوراً شکیل بدایونی کو بطور نغمہ نگار اپنی فلم میں شامل کر لیا۔  1947 میں ریلیز فلم ”درد”کے نغمے بے حد مقبول ہوئے۔ بطور نغمہ نگار شکیل بدایونی کی یہ پہلی فلم تھی۔ اور بہت کم نغمہ نگار خوش قسمت ہوتے ہیں کہ ان کی پہلی فلم کامیاب ہو اور بطور نغمہ نگار وہ اپنی شناخت قائم کر لیں۔ شکیل بدایونی خوش قسمت تھے کہ پہلی فلم سے ملی پہچان انھیں بلندیوں پر لے گئی۔ فلم اداکارہ ٹُن ٹُن کا گانا ”افسانہ لکھ رہی ہوں دل بے قرار کا۔ آنکھوں میں رنگ بھر کے تیرے انتظار کا، ”تو سب کی زبان پر تھا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد نوشاد علی اور شکیل بدایونی کی ایسی جوڑی بن گئی جس نے ہندوستانی سنیما کو ایک سے بڑھ کر ایک ہٹ نغمے دئے۔ ان دونوں نے فلم ”دیدار”بیجو باورا”مدر انڈیا”اور فلم  ” مغل اعظم ” میں ایک ساتھ کام کیا۔ ایک زمانے تک فلم کاروں کے ہاتھ ایک آزمودہ ہِٹ فارمولا لگ گیا تھا کہ شکیل بدایونی کے نغمے، نوشاد علی کی موسیقی اور محمد رفیع کی آواز فلم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ نوشاد علی کے علاوہ شکیل نے روی اور ہیمنت کمار جیسے موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔روی شرما کی موسیقی اور محمد رفیع کی آواز میں شکیل بدایونی کے گیت ”چودہویں کا چاند۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”کو1961میں بیسٹ فلمی گیت کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ اس کے بعد1962 اور 1963 میں بھی انھیں بیسٹ فلمی گیت کے لئے فلم فئیر ایوارڈ سے نوازا گیا۔  1962میں فلم”گھرانہ”کے گیت حسن والے تیرا جواب نہیں پہ شکیل بدایونی کو فلم فئیر ایوارڈ ملا۔ 1961 میں بنی فلم ”گھرانہ”میں راجندر کمار، راج کمار اور آشا پاریکھ کی اداکاری، شکیل کے نغموں اور روی شرما کی موسیقی نے اس فلم کو سپر ہٹ ثابت کیا۔ شکیل بدایونی کے جس گیت کو فلم فئیر ایوارڈ ملا اس میں روی کی موسیقی اور محمد رفیع کی مخملی آواز کا کمال تو تھا ہی لیکن اصل کمال فلمی نغمے میں شاعری کا تھا۔ وہ نغمہ کچھ یوں تھا: 
حُسن والے ترا جواب نہیں، 
تو ہے ایسی کلی جو گلشن میں ساتھ اپنے بہار لائی ہو
تو ہے ایسی کرن جو رات ڈھلے چاندنی میں نہا کے آئی ہو 
اگلے برس شکیل بدایونی کو ایک بار پھر فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ فلم تھی ”بیس سال بعد ”اور گیت کے یہ بول امر ہو گئے۔ 
  ”کہیں دیپ جلے، کہیں دل، 
ذرا دیکھ لے آکر پروانے، تیری کون سی ہے منزل،
میرا گیت میرے دل کی پکار ہے،
  جہاں میں ہوں وہیں تیرا پیار ہے،
  میرا دل ہے تیری محفل،
  ذرا دیکھ لے آکر پروانے، تیری کون سی ہے منزل“
  ہیمنت کمار کی موسیقی اور لتا منگیشکر کی جادو بھری آواز نے اس گیت کو امر کر دیا۔ 
شکیل بدایونی اور نوشاد علی نے تقریباً بیس سال ایک ساتھ کام کیا۔ دونوں ایک دوسرے کے فن کے بڑے قدردان تھے۔ فلم کار وجئے بھٹ نے جب فلم”بیجو باورا ”بنانے کا ارادہ کیا تو یہ طے تھا کہ فلم کی موسیقی نوشاد دیں گے۔ لیکن وجئے بھٹ چاہتے تھے کہ فلم کے گیت پردیپ لکھیں۔ نوشاد نے کسی طرح وجئے بھٹ کو راضی کیا کہ وہ ایک بار شکیل بدایونی کے لکھے گیت سن لیں۔ اور جب وجئے بھٹ نے گیت سنے تو پھر فیصلہ شکیل بدایونی کے حق میں ہی ہونا تھا۔ اور اس کے بعد دنیا نے دیکھا کی فلم بیجو باورا کے گانے کس طرح عوام و خواص میں مقبول ہوئے۔ مینا کماری اور بھرت بھوشن پہ فلمائی گئی فلم بیجو باورا کے گیت میل کا پتھر ثابت ہوئے۔ اس میں ٹھمری اور دادرا جیسے راگ کا خوبصورت استعمال نوشاد  نے کیا ہے۔ اور شکیل بدایونی کا کمال ہے کہ انھوں نے خالص ہندی لفظوں کا استعمال کر کے شاہکار گیت لکھے۔ جیسے ” من تڑپت ہری درشن کو آج ”۔ اس فلم میں گیت سنگیت کے اتنے تجربات ہیں کہ موسیقی سے دلچسپی رکھنے والوں میں آج بھی اس فلم کی قدر و منزلت کم نہیں ہوئی ہے۔ گیت ”تو گنگا کی موج ”راگ بھیروی میں،گیت ”او دنیا کے رکھوالے ”راگ درباری میں اور گیت ”انسان بنو”راگ توڑی میں ہے۔ شکیل بدایونی نے ہندی چھندوں اور ہندی کے خوبصورت لفظوں کا استعمال کثرت سے کیا ہے۔ 
چھوڑ تمہارا دوار پربھو میں کس کے دوارے جاؤں 
تم  بِن میرا کون سہارا،  کس  کی  آس  لگاؤں   
کچھ لوگ ہر قدیم شئے کو بہتر اور جدید کو بد تر ثابت کرنے کی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں۔ فلموں پہ گفتگو کرتے ہوئے بھی بعض ناقدین یہ کہتے نہیں تھکتے کہ پرانی فلمیں اچھی ہوتی تھیں، ان میں اداکاری ہوتی تھی، پرانی فلموں کے گانے اچھے ہوتے تھے، پرانی فلموں میں پیغام ہوتا تھا، پرانی فلموں میں عریانیت نہیں ہوتی تھی وغیرہ وغیرہ۔ لیکن سچائی یہ ہے کہ اچھی بری فلمیں ہر دور میں بنی ہیں۔1912 میں دادا صاحب پھالکے نے راجہ ہریش چندر بنا کر ہندوستانی فلموں کی بنیاد رکھی۔1931 میں آردیشر ایرانی نے پہلی بولتی فلم ”عالم آراء ”بنائی۔ ہندوستانی فلموں کی تاریخ میں سیکڑوں ایسی فلمیں بنائی گئیں جن کا آج کوئی نام لیوا بھی نہیں ہے۔ اسی طرح بہت سے فلمی نغمہ نگار آئے اور گئے۔ ایک فلم بنی تھی”تری دیو”جس کا ایک گانا ”اُوئے اُوئے ”بہت مشہور ہوا تھا۔ لیکن یہ وقتی شہرت تھی۔  1991میں بنی فلم ”سوداگر ”کا ایک گانا  ”ایلو ایلو، آئی لَو یو”بھی کچھ دنوں تک لوگوں کی زبان پر رہا۔ اُوئے اُوئے اور ایلو ایلو جیسے گانے چند روز کے ہی مہمان ہوا کرتے ہیں۔ فلم شائقین کو ایک اور گانا یاد ہوگا ”ابنِ بطوطہ، بغل میں جوتا، پہنے تو کرتا ہے چُر”لایعنی باتوں کو ردم میں پیش کر دیا جائے تو سننے والوں کو کچھ دیر کے لئے اچھا بھی لگ جاتا ہے۔ بے ہودگی اور پھوہڑ پن کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوتا ہے۔ فلم ”شکتی:دی پاور ”کا گانا ’کردے مشکل جینا، عشق کمینہ عشق کمینہ ’بھی فلم شائقین کی یادوں میں محفوظ ہوگا۔ لیجئے صاحب عشق کمینہ ہو گیا۔ ابنِ بطوطہ کے بغل میں جوتا اور عشق کمینہ کی منطق سمجھ سے بالا تر ہے۔کچھ ایسے نغمے بھی ہماری یادوں کا حصہ ہیں جن میں اچھی شاعری بھلے نہ ہو لیکن لفظوں کے مناسب استعمال نے بات بنا دی ہے۔ مثال کے طور پر سنہ2000 میں فلم”مشن کشمیر ”ریلیز ہوئی۔ سُنیدھی چوہان اور شنکر مہادیون کی آواز میں راحت اندوری کا گیت ”شیام رنگ وُمرو وُمرو، آئے ہو کس بغیا سے”اپنی دھُن کی وجہ سے بے حد پسند کیا گیا۔ اسی طرح سنہ2005میں فلم ”بنٹی اورببلی ”کا گانا ”کجرارے کجرارے، تیرے کارے کارے نینا ”صرف موسیقی کی جھنکار کی وجہ سے مقبول ہوا۔ لیکن شکیل بدایونی کے گانے موسیقی کی دھُنوں کے ساتھ ساتھ اپنی شاعرانہ حُسن کے لئے بھی یاد رکھے جائیں گے۔  
شکیل بدایونی نے تقریباً نوّے (90) فلموں کو اپنی نغمہ نگاری سے سجایا۔ نوشاد، روی، ہیمنت کمار، ایس ڈی برمن اور سی رام چندر جیسے ممتاز موسیقاروں کی دھُنوں پر سوا دو سو سے زائد گیت لکھے۔ ان کے گیتوں کو محمد رفیع، لتا منگیشکر، آشا بھوسلے، مکیش، شمشاد بیگم، ثریا، مہندر کپور، طلعت محمود، روی شنکر شرما، گیتا دت اور ہردئے ناتھ منگیشکر جیسے صفِ اول کے گلوکاروں نے اپنی آواز میں پیش کیا۔دلاری (1949)، دیدار (1951)، مدر انڈیا (1957)، چودہویں کا چاند (1960)، مغلِ اعظم (1960)، گنگا جمنا (1961)  صاحب بی بی اور غلام (1962)، میرے محبوب (1963)  دو بدن (1966) جیسی سپر ہٹ فلموں میں شکیل بدایونی کے نغموں نے دھوم مچا دی تھی۔ فلم دو بدن میں آشا بھوسلے کی آواز میں یہ گیت آج بھی سننے والے پسند کرتے ہیں: 
جب چلی ٹھنڈی ہوا، جب اٹھی کالی گھٹا 
مجھ کو ائے جانِ وفا تم یاد آئے، 
زندگی کی داستاں چاہے جتنی ہو حسیں 
بن تمہارے کچھ نہیں، بن تمہارے کچھ نہیں۔ 
اسی طرح فلم مدر انڈیا 1957 میں ریلیز ہونے والی محبوب خان کی وہ فلم تھی جسے نرگس اور سنیل دت کی اداکاری، نوشاد کی موسیقی، محمد رفیع، لتا منگیشکر، منا ڈے اور شمشاد بیگم کی آواز اور شکیل بدایونی کی نغمہ نگاری نے اس وقت کی بہترین فلم کا خطاب عطا کیا۔ مدر انڈیا کے گیت آج بھی پسند کئے جاتے ہیں۔  
دنیا میں ہم آئے ہیں  تو جینا  ہی پڑے گا
جیون  ہے  اگر  زہر  تو پینا  ہی پڑے گا
گر گر کے مصیبت میں سنبھلتے  ہی رہیں گے
جل جائیں  مگر آگ پہ چلتے  ہی رہیں گے  
غم جس نے  دئے ہیں  و ہی غم دور کرے گا
دنیا میں ہم  آئے  ہیں  تو جینا  ہی پڑے گا۔ 
1960 میں ریلیز ہوئی گرودت کی فلم ”چودہویں کا چاند”کے لگ بھگ سبھی گانے ہٹ ثابت ہوئے۔ گرودت، وحیدہ رحمن اور جانی واکر کی اداکاری اور روی کی موسیقی کے ساتھ ساتھ شکیل بدایونی کے نغموں نے دھوم مچائی.

                      ڈاکٹر شفیع ایوب 
            ہندوستانی زبانوں کا مرکز، جواہرلعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی، (انڈیا)110067 




Recommended