Urdu News

شائقین کی توقعات پر کھڑی نہیں اتری فلم ’سمراٹ پرتھوی راج‘، باکس آفس کلیکشن میں زبردست گراوٹ

شائقین کی توقعات پر کھڑی نہیں اتری فلم ’سمراٹ پرتھوی راج

بالی ووڈ کے فٹنس فریک اداکار اکشے کمار اور مس ورلڈ مانوشی چھلر کی فلم سمراٹ پرتھوی راج گذشتہ ہفتے 03 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے سامعین کی جانب سے زیادہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ فلم نے پہلے دن 10.30 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی، لیکن جب اس کے بعد کے دنوں کے کلیکشن کی بات کی جائے تو اس میں زبردست کمی درج کی گئی ہے۔

پہلے ہفتے کے آخر میں فلم کی کل کمائی 44.40 کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی۔ فلم کو ریلیز ہوئے ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا ہے کہ اس کی کمائی میں زبردست کمی آئی ہے۔ پیر کے روز  اس نے صرف 5 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ اس کے بعد منگل کو فلم کی کمائی میں مزید کمی آئی اور اس نے ریلیز کے پانچویں دن صرف 4 کروڑ روپے کی کمائی کی، جس کے بعد اب تک اس کی کل کمائی 48.50 کروڑ کے قریب ہوئی  ہے۔

فلم'سمراٹ پرتھو ی راج' نے پہلے دن 10.70 کروڑ روپے، دوسرے دن 12.60 کروڑ روپے، تیسرے دن 16.10 کروڑ روپے اور چوتھے دن 05 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ خبروں پر یقین کیا جائے تو اب صورتحال یہ ہو گئی ہے کہ فلم کو شائقین نہیں مل رہے ہیں۔ اس لیے کئی شہروں میں شوز منسوخ کرنے پڑے۔ معلومات کے مطابق کولکاتا اور بنگلور میں سنگل ڈیجٹ شائقین کی وجہ سے شو کو منسوخ کرنا پڑا۔ تاہم دہلی میں صورتحال قدرے بہتر نظر آرہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ فلم 'سمراٹ پرتھوی راج' تاریخی پیریڈ ڈرامہ فلم ہے۔ فلم میں اکشے کمار سمراٹ پرتھوی راج کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اداکارہ مانوشی چھلر راج کماری  سنیوگیتا کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ دوسری جانب فلم کے اہم کرداروں میں ’کاکا کنہ‘ کے کردار میں سنجے دت، راج کوی چند بردائی کے کردار میں سونو سود اور فلم کے اہم کرداروں میں آشوتوش رانا جے چند ہیں۔ آدتیہ چوپڑا کی پروڈیوس کردہ اس فلم کے ہدایت کار چندر پرکاش دویدی ہیں۔

Recommended