Urdu News

ملٹی ٹیلنٹڈ ودھو ونود چوپڑا نے فلم ‘مرڈر ایٹ منکی ہل’ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا

بالی ووڈ کے مشہور فلم پروڈیوسر و ہدایت کار ودھو ونود چوپڑا

برتھ ڈے اسپیشل 5 ستمبر

بالی ووڈ کے مشہور فلم پروڈیوسر و ہدایت کار ودھو ونود چوپڑا 5 ستمبر 1952 کو کشمیر میں پیدا ہوئے لیکن ان کا بچپن سری نگر میں گزرا۔

ودھو کو شروع سے ہی فلموں کا شوق تھا۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے طور پر فلم ڈائریکشن کا انتخاب کیا اور فلم اینڈ ٹیلی ویڑن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا، پونے سے فلم ڈائریکشن کی تعلیم حاصل کی۔

ودھو ونود چوپڑا بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار، پروڈیوسر، اسٹوری رائٹر اور ایڈیٹر ہیں، اس لیے انہیں بالی ووڈ میں ملٹی ٹیلنٹڈ کہا جاتا ہے۔ ودھو نے بطور ہدایت کار اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سال 1976 میں فلم ‘مرڈر ایٹ منکی ہل’ سے کیا، یہ ایک ڈپلومہ فلم تھی۔ودھو نے اس فلم کی ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ فلم میں اداکاری بھی کی۔ اس فلم نے بہترین مختصر تجرباتی فلم کا نیشنل فلم ایوارڈ اور بہترین اسٹوڈنٹ فلم کا گرو دت میموریل ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

ودھو کی پہلی ہندی فیچر فلم ‘سزائے موت’ تھی۔ یہ ایک تھرلر فلم تھی، جس کی شوٹنگ بلیک اینڈ وائٹ میں کی گئی تھی۔اس فلم میں نصیرالدین شاہ مرکزی کردار میں تھے۔ اس کے بعد ودھو نے 1983 میں کندن شاہ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جانے بھی دو یارو میں کام کیا۔ اس فلم میں اداکاری کے ساتھ انہوں نے پروڈکشن کنٹرولر کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔

سال 1985 میں ان کی فلم ‘خاموش’ آئی۔ اس فلم میں نصیر الدین شاہ، شبانہ اعظمی، پنکج کپور مرکزی کردار میں تھے۔ یہ فلم ہٹ ثابت ہوئی اور اس کے ساتھ ہی ودھو کی پہچان فلم انڈسٹری کے بڑے ہدایت کاروں میں ہونے لگی۔

ودھو نے بالی ووڈ کو کئی ہٹ فلمیں دی ہیں جن میں پرندا، 1942: اے لواسٹوری، قریب، مشن کشمیر، منا بھائی ایم بی بی ایس، پرینیتاکھو، لگے رہو منا بھائی، ایکلویہ: دی رائل گارڈ، 3 ایڈیٹس، فراری کی سواری، پی کے، سنجو، شکارا شامل ہیں۔ ان کی فلم تھری ایڈیٹس کو ہندی سنیما کی بہترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ فلم کو ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی پذیرائی ملی۔ اس فلم نے کمائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

سال 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘شکارا’ کا بھی کافی چرچا ہوا۔ اس فلم میں کشمیری پنڈتوں کے درد کو اچھی طرح سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ فلم کشمیری پنڈتوں کی کہانی بیان کرتی ہے جنہیں 1990 میں بڑے پیمانے پر ہجرت کے دوران وادی سے فرار ہونا پڑا تھا۔ ودھو ونود چوپڑا نے نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ فلم بروکن ہارسز کی بھی ہدایت کاری کی ہے۔

اس فلم کی کہانی منشیات کے اس مسئلے پر مبنی تھی جس نے امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر قدم جمائے تھے۔ اسے ودھو اور ابھیجت جوشی نے مل کر لکھا تھا۔ اس میں ہالی ووڈ اداکار ماریا والورڈے اور ٹامس جین نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

ودھو کا شمار آج بالی ووڈ کے ٹاپ ڈائریکٹرز میں ہوتا ہے۔ ان کی فلمیں تفریح کے ساتھ ساتھ ناظرین کے لیے بھی ایک پیغام رکھتی ہیں۔ اسی وجہ سے شائقین ان کی فلموں کو بہت پسند کرتے ہیں اور وہ ودھو کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں کے منتظر رہتے ہیں۔ ودھو کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے فلم نقاد انوپما چوپڑا سے شادی کی ہے۔ ان کے دو بچے ہیں، بیٹا اگنی اور بیٹی کا نام زونی چوپڑا ہے۔

Recommended