نئی دہلی، 13 فروری 2022:
ڈاکومنٹری، مختصر فکشن اور اینی میشن فلموں کا ممبئی بین الاقوامی فلم میلہ (ایم آئی ایف ایف۔2022) جس کا بھارت اور غیر ممالک میں فلم سازوں اور سنیما کے شائقین کے ذریعہ بڑی بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، کا انعقاد فلمز ڈویژن کامپلیکس، ممبئی میں 29 مئی سے 4 جون 2022 تک کیا جائے گا۔ آن لائن داخلے کا عمل 15 فروری 2022 سے 15 مارچ 2022 تک جاری رہے گا اور فلم ساز مختلف مسابقتی زمروں میں فلمیں داخل کرنے کے لیے www.miff.in یا https://filmfreeway.com/MumbaiInternationalFilmFestival-MIFF پر لاگ آن کر سکتے ہیں۔
یکم ستمبر 2019 اور 31 دسمبر 2021 کے درمیان تیار فلمیں ایم آئی ایف ایف۔2022 میں داخلہ کی مستحق ہیں۔ تقریب میں بہترین دستاویزی فلم کو طلائی شنکھ اور 10 لاکھ روپئے کے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔ مختلف زمروں میں فاتح فلموں کو پرکشش نقد انعامات، نقرئی شنکھ، ٹرافیاں اور اسناد دی جائیں گی۔ بھارت کے ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کو لے کراس نئی تقریب میں انڈیا @ 75 کے موضوع پر بہترین مختصر فلم کے لیے ایک خصوصی ایوارڈ شروع کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں بھارتی غیر فیچر فلم کے زمرے کی ایک معمر شخصیت کو مقتدر وی شانتارام لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ، 10 لاکھ روپئے نقد ، ایک ٹرافی اور توصیفی انعامات سے نوازا جائے گا۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت کے فلم ڈیویژن کے ذریعہ منعقدہ اور مہاراشٹر حکومت کے ذریعہ حمایت یافتہ جنوبی اشیا میں غیر فیچر فلموں کے لیے قدیم ترین اور سب سے بڑی تقریب ایم آئی ایف ایف دنیا بھر کے فلم سازوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ مسابقتی اور غیر مسابقتی زمرے کے علاوہ ورکشاپ، ماسٹر کلاسیز، اوپن فورم اور بی 2 بی سیشن جیسے انٹرایکٹیو سیشن اس تقریب کی اہم خصوصیات ہیں۔
2020 میں منعقدہ 16ویں دو برسی ایم آئی ایف ایف تقریب کے تئیں گہری دلچسپی دکھائی گئی تھی، جس سے بھارت اور دنیا میں ایک فعال دستاویزی ثقافت کا اظہار ہوتا ہے۔ 16ویں ایم آئی ایف ایف میں بھارت اور غیر ممالک سے ریکارڈ 871 فلمیں داخل کی گئیں اور اس میں بھارت اور دنیا کے دیگر حصوں کی متعدد دستاویزی ، اینی میشن اور مختصر فلموں کے فلم سازوں نے حصہ لیا۔ گرانڈ جیوری میں فرانس، جاپان، سنگاپور، کناڈا، بلغاریہ اور بھارت کی مشہور فلمی ہستیاں شامل تھیں۔
مزید جانکاری حاصل کرنے کے لیے، اس میلے کے ڈائرکٹوریٹ سے +91-22-23522252 / 23533275 اور miffindia@gmail.com پر رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے ۔