ممبئی، 02 اگست (انڈیا نیرٹیو)
معروف فلم آرٹ ڈائریکٹر نتن چندرکانت دیسائی (58) نے اسٹوڈیو میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ وہ کچھ عرصے سے مالی بحران کا شکار تھے۔ دیسائی نے اپنے کیریئر میں کئی ہندی اور مراٹھی فلموں کے لیے آرٹ ڈائریکشن کا کام کیا۔ ان کے انتقال سے انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1987 میں کیا۔ کرجت میں 2005 میں این ڈی اسٹوڈیو قائم کیا۔ ان کی اہم فلمیں جودھا اکبر، ہم دل دے چکے صنم، ماچس، دیوداس، لگان، پریم رتن دھن پایو وغیرہ ہیں۔ نتن دیسائی نے ’’لارجر دین لائف‘‘ تصویر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
کئی تاریخی سیریلز اورعظیم الشان ڈراموں کے لیے نتن دیسائی کی طرف سے بنائے گئے سیٹس بھی خوب سرخیوں میں رہے۔ انہوں نے آشوتوش گواریکر، ودھو ونود چوپڑا، راجکمار ہیرانی اور سنجے لیلا بھنسالی جیسے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کیا۔ نتن دیسائی نے چار بار بہترین آرٹ ڈائریکشن کا نیشنل فلم ایوارڈ اور تین بار بہترین آرٹ ڈائریکشن کا فلم فیئر ایوارڈ جیتا تھا۔