Urdu News

عام سے نظر آنے والے اوم پوری ایک غیر معمولی فنکار کیسے بنے؟

تجربہ کار اداکار اوم پوری

تجربہ کار اداکار اوم پوری کو ہندی فلم انڈسٹری میں ان کے کرداروں اور شاندار اداکاری کے لیے آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔

ہریانہ کے امبالا میں 18 اکتوبر 1950 کو پیدا ہونے والے اوم پوری جتنی سادگی اور آسانی کے ساتھ بڑے پردے پر اپنے کردار وں کوادا کرتے تھے۔ان کی حقیقی زندگی اصل  میں اتنی ہی مشکل تھی۔

اوم پوری کے والد ریلوے ملازم تھے لیکن جب اوم پوری چھ سال کے تھے تو ایک دن ان کے والد کو سیمنٹ چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد ریلوے کا گھر خالی کرنا پڑا۔

اوم پوری نے اپنے گھر والوں کی مدد کے لیے چھوٹی عمر میں ایک ڈھابے پر برتن دھونا شروع کر دیے تھے لیکن کچھ عرصے بعد ڈھابے کے مالک نے ان پر چوری کا الزام لگا کر نوکری سے نکال دیا۔

جس گھر میں اوم پوری رہتے تھے اس کے پیچھے ریلوے یارڈ تھا۔ رات کے وقت اوم پوری گھر سے بھاگ کر ٹرین میں سونے چلے جاتے تھے۔ انہیں  ٹرین سے بے پناہ لگاؤتھا۔

اسی لیے وہ بڑے ہو کر ٹرین ڈرائیور بننا چاہتے تھے۔ کچھ عرصے کے بعد اوم پوری پنجاب کے پٹیالہ میں اپنی نانی کے گھر چلے گئے۔ یہاں انہوں نے اپنی پڑھائی شروع کی اور اسی دوران ان کا رجحان اداکاری کی طرف ہوگیا۔ آہستہ آہستہ وہ ڈراموں میں حصہ لینے لگے۔

اپنے کالج کے زمانے میں، اوم پوری نے اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ ایک وکیل کے ساتھ بطور مصنمنشیکام کرنا شروع کیا۔ ایک بار وہ ڈرامے میں شرکت کی وجہ سے وکیل کے یہاں کام پر نہیں گئے۔

اس سے وکیل ناراض ہوگیا اور انہیں ہٹا دیا۔ کالج کے پرنسپل کو جب اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اوم پوری کو کیمسٹری لیب میں اسسٹنٹ کی نوکری دے دی۔ کالج کے ڈراموں میں حصہ لینے کے دوران، اس کی ملاقات ہرپال اور نینا تیوانہ سے ہوئی، جن کے ساتھ انہوں نے تھیئٹر کی تنظیم پنجاب کلا منچ میں شمولیت اختیار کی۔

اوم پوری نے پونے فلم انسٹی ٹیوٹ سے اپنی تعلیم مکمل کی اور تقریباً ڈیڑھ سال تک ایک اسٹوڈیو میں اداکاری کی تعلیم دی۔ بعد میں اوم پوری نے پرائیویٹ تھیئٹر گروپ ‘مجمع’ کی بنیاد رکھی۔

اوم پوری نے اپنے فلمی سفر کا آغاز مراٹھی ڈرامے پر مبنی فلم گھاسی رام کوتوال سے کی تھی۔ 1980 میں ریلیز ہونے والی فلم ”آکروش“ ان کے کیریئر کی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ انہیں فلموں ‘آروہن’ اور ‘اردھ ستیہ’ کے لیے بہترین اداکار کا قومی ایوارڈ ملا۔

ان کی نمایاں فلموں میں آکروش، اردھ ستیہ، دھاراوی، مرچ مصالحہ، جانے بھی دو یارو، چاچی 420، ہیرا پھیری اور مالامال ویکلی وغیرہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے ہالی وڈ کی فلموں ایسٹ از ایسٹ، سٹی آف جوائے، وولف میں بھی کام کیا۔

اوم پوری کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے پہلی شادی سیما سے کی، جن کے ساتھ ان کا رشتہ زیادہ دن تک نہیں چل سکا۔

انہوں نے نندیتا پوری سے سال 1983 میں شادی کی اور دونوں 2016 میں الگ ہوگئے، دونوں کا ایک بیٹا ایشان ہے۔ اوم پوری کا 66 سال کی عمر میں 06 جنوری 2017 کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔

Recommended