Urdu News

ساجد ناڈیاڈوالا کی فلم ’ستیہ نارائن کی کتھا‘ کی مخالفت شروع

فلم ساز ساجد ناڈیاڈوالا اورستیہ نارائن کی کتھا

ساجد ناڈیاڈوالا کی فلم ’ستیہ نارائن کی کتھا‘ کی مخالفت شروع

بھوپال، 4جولائی (انڈیا نیرٹیو)

فلم ساز ساجد ناڈیاڈوالا کی آنے والی فلم ’ستیہ نارائن کی کتھا“ کو لے کر بھوپال میں مخالفت شروع ہوگئی ہے۔ سنسکرتی بچاؤ منچ نے ساجد کے خلاف ہندوؤں کے جذبات کو بھڑکانے اور مجروح کرنے کی دفعات میں معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ منچ کی جانب سے ہفتہ دوپہر اس سلسلے میں ٹی ٹی نگر تھانے میں ایک شکایتی لیٹر بھی دیا گیا ہے۔ سنسکرتی بچاؤ منچ کے صدر چندرشیکھر تیواری کا کہنا ہے کہ ساجد کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے تک احتجاجی مظاہرہ جاری رکھیں گے اور انہیں بھوپال میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

سنسکرتی بچاؤ منچ کے صدر چندرشیکھر تیواری نے بتایا کہ بالی ووڈ میں مسلسل ہندوؤں کے جذبات کے خلاف فلمیں بن رہی ہیں۔گزشتہ کچھ سالوں سے غیر مذہبی لوگ ہمارے دیوی دیوتاؤں کو فلموں کے توسط سے تذلیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ او مائی گاڈ، پی کے، لوراتری، تانڈو اور اب ستیہ نارائن کی کتھا کے نام پر یہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلموں کے ذریعہ ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اسے سنسکرتی بچاؤ منچ قطعی برداشت نہیں کرے گا۔ ہم نے وارننگ دی ہے کہ ساجد ناڈیاڈوالا اگر بھوپال یا مدھیہ پردیش میں آئیں گے تو ان کا منہ کالا کرکے اسے گدھے پر گھمایا جائے گا۔ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے خلاف مجرمانہ معاملہ درج کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اتوار کو ممبر پارلیمنٹ پرگیا سادھوی کے توسط سے وزیر اطلاعات و نشریات کو بھی ایک شکایتی خط بھیج کر فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا سے شکایت کریں گے۔

Recommended