دہلی کی روہنی عدالت نے فلم اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کے خلاف ایک سرمایہ کارکی رقم کو فحش فلمیں بنانے میں استعمال کرنے کے الزام میں سماعت ملتوی کر دی ہے۔ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ مانسی ملک نے آج روہنی کورٹ میں دھماکہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی کرنے کا حکم دیا۔ کیس کی اگلی سماعت 8 مارچ 2022 کو ہوگی۔
9 نومبر کو دہلی پولیس نے اس معاملے پر اسٹیٹس رپورٹ داخل کی تھی۔ 09 نومبر کو وکلا کی ہڑتال کے باعث شکایت کنندہ کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا جس کے باعث سماعت ملتوی کرنی پڑی۔ یکم ستمبر کو عدالت نے دہلی پولیس کو کارروائی کی رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔
یہ عرضی آرٹیک بلڈرس کے پارٹنر وشال گوئل نے دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ راج کندرا اور شلپا شیٹی نے ایک سازش کے تحت اپنی کمپنی ویان انڈسٹریز کا روشن چہرہ دکھایا اور ان سے سرمایہ کاری کرنے کے لئے کہا۔
درخواست میں الزام لگایا گیا کہ شلپا شیٹی اور راج کندرا نے کہا کہ ان کا اینیمیشن، گیمنگ، لائسنسنگ، ٹیکنالوجی اور بیوٹی پروڈکٹس کا کاروبار ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے لالچ میں آکر شلپا شیٹی اور راج کندرا کی کمپنی میں 41 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی لیکن بعد میں پتہ چلا کہ ملزم نے ان کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے اور ان کی رقم فحش فلمیں بنانے میں استعمال کی۔ درخواست گزار کو اس فراڈ کی معلومات ان خبروں سے ملی کہ ملزمان نے سرمایہ کاروں کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ درخواست میں ملزمان کے خلاف جعلسازی اور مجرمانہ سازش کا الزام لگاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دینیکا مطالبہ کیا گیا ہے۔