فلم عاشقی سے شائقین کو مسحور کرنے والے اداکار راہل رائے کو اپنی زندگی میں کئی طرح کی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکار راہل رائے نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا۔ اس میں انہوں نے سلمان خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جب انہیں 2020 میں برین اسٹروک ہوا تو سلمان نے ان کے اسپتال کے بل ادا کئے۔ راہل رائے ہی نہیں ان کی بہن بھی سلمان خان کو ’ہیرا‘ کہتی ہیں۔ اداکار کو برین اسٹروک کے باعث ڈیڑھ ماہ تک اسپتال میں رہنا پڑا۔ اس سے صحت یاب ہونے میں انہیں کافی وقت لگا۔
اب ایک حالیہ انٹرویو میں راہل رائے اور ان کی بہن پرینکا رائے نے سلمان کے بارے میں بہت کچھ کہا ہے۔ 2020 میں اداکار راہل رائے کو فلم کے سیٹ پر برین اسٹروک ہوا تھا۔ اس وقت وہ کارگل میں ’ایل ا ے سی: لیو دی بیٹل“ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ اس کے بعد انہیں فوری طور پر واک ہارٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس وقت ان کے دل اور دماغ کی انجیو گرافی کی گئی تھی۔ اس کے بعد انہیں ممبئی کے ناناوتی اسپتال منتقل کیا گیا۔
راہل کی زندگی کے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے ان کی بہن پرینکا رائے نے کہا ”میں سلمان خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ کیونکہ جو بھی بل واجب الادا تھا، سلمان نے ادا کیا۔ فلم کے پروڈیوسرز نے بھی کچھ پیسے دیے لیکن اس سے بھی بل ادا نہیں ہوا۔ اس وقت سلمان خان نے راہل رائے کو فون کیا اور پوچھا کہ کیا وہ ان کی کسی بھی طرح سے مدد کر سکتے ہیں اور انہوں نے واقعی مدد کی۔ وہ بہت اچھے انسان ہیں۔ وہ ہمارے لیے ہیرا ہیں!“۔
اداکار راہل رائے کئی سال کے وقفے کے بعد تفریحی دنیا میں واپس آئے۔ تاہم فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں برین اسٹروک ہوا۔ اس کے بعد وہ تمام وقت بستر پر ہی پڑے رہے۔ فلم کی شوٹنگ مکمل نہ ہونے کے باوجود پروڈیوسرز نے انہیں پورا معاوضہ دینے کی پیشکش کی۔ اس بیماری کی وجہ سے اداکار پر مالی بحران پیدا ہو گیا تھا۔