Urdu News

رجنی کانت ساؤتھ فلم انڈسٹری کے تھلائیوا ہیں

رجنی کانت ساؤتھ فلم انڈسٹری کے تھلائیوا ہیں

ساوتھ فلم انڈسٹری کے تھلائیوا یعنی ’باس‘ کے نام سے مشہور تجربہ کار فلمی اداکار رجنی کانت12 دسمبر 1950 کو بنگلورو میں پیدا ہوئے۔ رجنی کانت کا اصل نام شیواجی راو گائیکواڈ تھا۔ رجنی کانت کو شروعات سے ہی اداکاری میں دلچسپی تھی۔ ان کی زندگی کافی جدوجہد میں گزری۔ خاندان کی خراب مالی حالت ٹھیک نہیں ہونے کی وجہ سے اپنے کیریئر کے آغاز میں انہوں نے کلی سے لے کر ایک بس کنڈکٹر تک کا کام کیا۔

سال 1973 میں رجنی کانت نے اپنے شوق کو پورا کرنے کے مقصد سے مدراس فلم انسٹی ٹیوٹ سے اداکاری کا ڈپلومہ کیا۔آہستہ آہستہ رجنی کانت نے کئی ڈراموں میں حصہ لینا شروع کیا۔ اس دوران فلم ڈائریکٹر کے بالا چندر کی نظر ان پر پڑی اور وہ ان سے بہت متاثر ہوئے۔ کے بالاچند ر نے  25 سال کی عمر میں  رجنی کانت کو پہلی بار تمل فلم 'اپوروا راگنگل' میں اداکاری کا موقع دیا۔ اس فلم میں وہ ایک چھوٹے سے کردار میں تھے، لیکن انہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

ابتدائی طور پر رجنی کانت زیادہ تر فلموں میں ولن کا کردار ادا کرتے نظر آئے۔ 1977 میں انہیں پہلی بار تیلگو فلم 'چھلاکمما چیپی نڈی' میں مرکزی اداکار کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد رجنی کانت نے ساوتھ کی کئی فلموں میں کام کیا۔ رجنی کانت نے فلموں میں اپنے الگ انداز اور اسٹائل سے سب کو اپنا دیوانہ بنا لیا۔ ان کی پہلی تجارتی طور پر کامیاب فلم 1980 میں 'بلا' تھی۔

رجنی کانت کی پہلی بالی ووڈ فلم 'اندھا قانون' سال 1983 میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ان کے ساتھ ہیما مالنی اور امیتابھ بچن تھے۔ اس کے بعد تمل، تیلگو اور ہندی کے علاوہ، انہوں نے کنڑ، ملیالم، بنگالی اور انگریزی فلموں میں بھی کام کیا، جن میں موندرو مودیچو، گایتری، میری عدالت، گنگوا، جان جانی جناردن، ہم، چالباز، بلندی، پھول بنے انگارے، انتھیرن، شیواجی دی باس، 2.0روبوٹ، پیٹا وغیرہ شامل ہیں۔

رجنی کانت نے 1981 میں لتا رنگاچاری سے شادی کی۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ ساوتھ میں ان کے مداح انہیں دیوتا کی طرح پوجتے ہیں اور انہیں 'تھلائیوا' کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ حکومت ہند نے انہیں 2000 میں پدم بھوشن اور 2016 میں پدم وبھوشن سے ان کی فلموں میں غیر معمولی شراکت کے لیے نوازا۔

رجنی کانت سوشل میڈیا پر بھی کافی ایکٹیوہیں۔ ملک اور بیرون ملک ان کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ ہوا میں فلپ کر سگریٹ پینے کا ان کا انداز آج بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔ رجنی کانت 71 سال کی عمر میں بھی کافی متحرک ہیں اور اب بھی فلم انڈسٹری میں سرگرم ہیں۔ وہیں ان کے چاہنے والوں میں آج بھی ان کی شاندار اداکاری کا جلوہ برقرار ہے۔

Recommended