Urdu News

رندیپ ہڈا نے بالی ووڈ میں سخت محنت کے بعد یہ مقام حاصل کیا

اداکاررندیپ ہڈا

برتھ ڈے اسپیشل 20 اگست

آج ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص جگہ بنانے والے اداکار رندیپ ہڈا 20 اگست 1976 کو ہریانہ کے ایک جاٹ گھرانے میں پیدا ہوئے۔ رندیپ نے اسکول کی تعلیم کے دوران ہی ڈراموں میں حصہ لینا شروع کیا۔ اس کے بعد رندیپ اعلیٰ تعلیم کے لیے میلبورن چلے گئے۔ رندیپ نے اپنی جیب خرچ کے لیے وہاں پارٹ ٹائم جاب کرنا شروع کر دی۔ رندیپ نے میلبورن کے ایک ریستوران میں  کام کیا اور  ٹیکسی بھی چلائی۔

رندیپ کے والد اور بڑی بہن ڈاکٹر ہیں، اس لیے ان کے گھر والے چاہتے تھے کہ رندیپ بھی ڈاکٹر بنے۔ لیکن رندیپ نے مارکیٹنگ میں گریجویشن اور ایم بی اے کیا۔ اس کے بعد وہ ہندوستان واپس آگئے۔ یہاں آکر ایک ایئرلائن کمپنی میں کام کرنے لگے۔ رندیپ نے کام کے ساتھ ماڈلنگ میں بھی قسمت آزمائی شروع کر دی۔ اس دوران رندیپ نے دہلی میں ایک ڈرامہ تھیٹر گروپ بھی جوائن کیا۔ ایک دن ڈرامے کی ریہرسل کے دوران فلم ڈائریکٹر میرا نائر کی نظر ان پر پڑ گئی۔ میرا نے رندیپ کو اپنی فلم 'مانسون ویڈنگ' کی پیشکش کی جسے رندیپ نے قبول کر لیا۔

رندیپ کو فلم مل گئی، لیکن انڈسٹری میں ان کی جدوجہد یہیں ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور آخر کار طویل جدوجہد کے بعد ان کی محنت رنگ لانے لگی اور چار سال انتظار کے بعد انہیں فلمیں ملنا شروع ہو گئیں۔ رندیپ نے کئی فلموں میں کام کیا ہے جیسے ڈی، ڈرنا ضروری ہے، ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی، سربجیت، صاحب بیوی اور گینگسٹر، مرڈر 3، باغی 2 وغیرہ۔ رندیپ نے اپنی اداکاری سے ناظرین کے دلوں پر اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔ رندیپ جلد ہی فلم 'انفیئر اینڈ لولی' اور 'سو نتترت ویر ساورکر' میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

Recommended