برتھ ڈے اسپیشل 21 مارچ
بالی ووڈ کی خوبصورت اداکارہ رانی مکھرجی کا شمار بالی ووڈ کی ان چند اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی شاندار اور زبردست اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص پہچان بنائی ہے۔ بالی ووڈ میں کھنڈالہ گرل اور مردانی کے نام سے مشہور رانی مکھرجی 21 مارچ 1978 کو ایک بنگالی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔
فلمی خاندان سے تعلق رکھنے والے، رانی مکھرجی کے والد رام مکھرجی ایک ہدایت کار تھے اور والدہ کرشنا مکھرجی ایک گلوکارہ تھیں۔ رانی مکھرجی نے اپنے کیرئیر کا آغاز سال 1996 میں فلم 'بیار پھول' سے کیا۔ یہ ایک بنگالی فلم تھی اور اسے ان کے والد رام مکھرجی نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ اس کے بعد رانی نے بالی ووڈ کا رخ کیا۔ سال 1996 میں ہی رانی کو بالی ووڈ فلم 'راجہ کی آئے گی بارات' میں کام کرنے کا موقع ملا، لیکن یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ اس کے بعد رانی کو 1998 کی فلم 'غلام' میں عامر خان کے مدمقابل مرکزی کردار میں کام کرنے کا موقع ملا۔ رانی مکھرجی اس فلم کے ایک گانے 'آتی کیا کھنڈالا' سے انڈسٹری میں 'کھنڈالہ گرل' کے نام سے مشہور ہوئیں۔ اس کے ساتھ اس فلم میں ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔
اسی سال رانی مکھرجی کی ایک اور فلم ریلیز ہوئی جس کا نام 'کچھ کچھ ہوتا ہے' تھا۔ کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شاہ رخ خان، رانی مکھرجی اور کاجول نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد رانی کا فلمی کیرئیر شروع ہوا اور انہیں مسلسل کئی فلموں کے آفرز ملنے لگے۔ رانی کی اہم فلموں میں ہی رام، نائک: دی ریئل ہیرو، ساتھیا، چلتے چلتے، ہم تم، ویر زارا، یووا، بلیک، بنٹی اور ببلی، نو ون کلڈ جیسیکا، مردانی، ہچکی وغیرہ شامل ہیں۔
رانی مکھرجی آخری بار سال 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم 'مردانی 2' میں نظر آئی تھیں۔ فلموں میں اداکاری کے علاوہ رانی سماجی کاموں میں بھی سرگرم رہتی ہیں۔ رانی مکھرجی کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے فلمساز آدتیہ چوپڑا کے ساتھ طویل عرصے تک تعلقات میں رہنے کے بعد 21 اپریل 2014 کو شادی کی۔ رانی اور آدتیہ کی ایک بیٹی ہے جس کا نام ادیرا ہے۔ کام کے محاذ کی بات کریں، رانی مکھرجی جلد ہی فلم مسز چٹرجی بمقابلہ ناروے میں نظر آئیں گی۔