Urdu News

ہر فن مولا اداکار جاوید جعفری کے سالگرہ پر پڑھیے یہ تحریر

اداکار جاوید جعفری

جاوید جعفری استعداد سے مالا مال ادا کار ہیں

معروف اداکار جاوید جعفری 4 دسمبر 1963 کو پیدا ہوئے۔ ملٹی ٹیلنٹڈ جاوید جعفری نہ صرف بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں بلکہ ایک اچھے کامیڈین، ڈانسر اور وائس آرٹسٹ بھی ہیں۔

جاوید جعفری کے والد مرحوم جگدیپ جعفری بھی بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور مزاح نگار تھے۔ ان کے والد کی یہی خوبیاں جاوید میں بھی آئیں اور جاوید فلموں کی طرف مائل ہو گئے لیکن جاوید نے فلم انڈسٹری میں آنے کے لیے کبھی اپنے والد کے نام کا سہارا نہیں لیا۔

 وہ اپنی محنت اور قابلیت کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں آئے۔ جاوید جعفری نے 1985 میں فلم ‘میری جنگ’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس فلم میں وہ ولن کے کردار میں تھے۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو شائقین نے خوب سراہا تھا۔

اس کے ساتھ ہی اسی فلم کے ایک گانے ‘بول بے بی بول راک این رول’ سے لوگ ان کے ڈانسنگ ٹیلنٹ سے واقف ہوئے۔ اپنی پہلی فلم سے ہی جاوید نے فلم انڈسٹری میں اچھی پہچان بنائی۔

 اس کے بعد جاوید کو تہلکہ، اوہ ڈارلنگ یہ ہے انڈیا، ارتھ، گینگ، ججنترم ممنترم، سلام نمستے، تارا رم پم، دھمال، سنگھ از کنگ، تھری ایڈیٹس، کمبخت عشق، لفنگے پرندے، دھمال سیریز، بے شرم، وراچھوڑ نہ یار، بالا وغیرہ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

  فلم دھمال میں ان کے مانو شریواستو کے کردار نے ناظرین کو خوب ہنسایا۔ فلموں میں اداکاری کے علاوہ جاوید نے ایپک چینل پر نشر ہونے والے شوز ‘ونس مور ود جاوید جعفری’ اور ‘بیک ٹو فلیش بیک’ کی میزبانی بھی کی اور فلم فیئر، اسکرین، آئیفا جیسے ایوارڈ شوز کی میزبانی بھی کی۔

 وہ 1996 سے 2014 تک سونی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈانس شو بوگی ووگی کے جج بھی تھے۔ اور ڈانس کو ہر گھر تک پہنچانے کے لئے  یہ شو بہت مشہور ہوا۔

جاوید جعفری نے 1989 میں اداکارہ زیبا بختیار سے شادی کی لیکن ایک سال بعد 1990 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ اس کے بعد جاوید نے 1991 میں حبیبہ جعفری سے شادی کی۔ ان کے تین بچے علویہ جعفری، میزان جعفری اور عباس جعفری ہیں۔

 سال 2014 میں جاوید نے سیاست میں قدم رکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ لوک سبھا انتخابات میں بھی انہوں نے اسی پارٹی سے لکھنؤ سیٹ پر الیکشن لڑا تھا جس میں انہیں بی جے پی کے سینئر لیڈر راج ناتھ سنگھ نے شکست دی تھی۔

 جاوید جعفری سوشل میڈیا پر بھی کافی ایکٹو ہیں۔ ان کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ جاوید جعفری اب بھی فلم انڈسٹری میں کافی سرگرم ہیں۔

Recommended