Urdu News

سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے رتیش دیش مکھ نے بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے لہرائے

سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے رتیش دیش مکھ نے بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے لہرائے

ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے بالی ووڈ کے ہینڈسم اداکار رتیش دیش مکھ 17 دسمبر 1978 کو مہاراشٹر میں پیدا ہوئے۔ وہ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی ولاس راو دیشمکھ کے بیٹے ہیں۔ سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے کے باوجود رتیش نے سیاست کونہیں بلکہ اداکاری کو اپنے کیریئر کے طور پر منتخب کیا اور سال 2003 میں فلم 'تجھے میری قسم' سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس فلم میں ان کے اپوزٹ اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا مرکزی کردار میں تھیں۔ فلم میں دونوں کی اداکاری اورشاندار کیمسٹری کو شائقین نے خوب پسند کیا اور فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت  رہی۔

 اس کے بعد رتیش نے ایک کے بعد ایک کئی ہٹ فلمیں دیں جن میں مستی، کیا کول ہے ہم، بلف ماسٹر، مالامال ویکلی، اپنا سپنا منی منی، ہے  بے بی، دھمال، ہم شکل وغیرہ شامل ہیں۔ فلموں میں اداکاری کے علاوہ رتیش نے کچھ مراٹھی فلموں کو پروڈیوس بھی کیا ہے  اور کچھ ایوارڈس تقریب کی میزبانی بھی کی ہے۔

رتیش دیشمکھ کی ذاتی زندگی کی بات کریں تو انہوں نے 3 فروری 2012 کوجینیلیا ڈی سوزا سے شادی کر لی۔ دونوں نے اپنی پہلی فلم تجھے میری قسم میں ایک ساتھ اسکرین شیئر کی تھی۔ اس کے بعد یہ جوڑی فلم تیرے نال پیار ہو گیا میں بھی نظر آئی۔ رتیش اور جینیلیا کا شمار بالی ووڈ کے خوبصورت ترین جوڑوں میں ہوتا ہے۔ رتیش اور جینیلیا کے دو بچے ہیں، ریان اور راہل۔ رتیش سوشل میڈیا پر بھی کافی ایکٹو رہتے ہیں۔ ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

ورک فرنٹ کی بات کریں تو رتیش جلد ہی اداکار فردین خان کے ساتھ فلم وسفوٹ میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

Recommended