Urdu News

شریا گھوشال کو گلوکاری کے شو سے ملی پہچان

شریا گھوشال کو گلوکاری کے شو سے ملی پہچان

برتھ ڈے اسپیشل 12 مارچ

جدوجہد اور گلوکاری کے زور پر بہت کم وقت میں اپنی پہچان بنانے والی گلوکارہ شریا گھوشال 12 مارچ 1984 کو مغربی بنگال کے چھوٹے سے گاؤں برہم پور میں پیدا ہوئیں۔ شریا کو بچپن سے ہی موسیقی میں خاص دلچسپی تھی۔ انہوں نے چار سال کی عمر میں اپنی والدہ سے موسیقی کی ابتدائی تعلیم حاصل کی اور ہارمونیم بجانا بھی سیکھا۔ اس کے بعد ان کے والدین نے شریا کے موسیقی کی طرف جھکاؤ کو دیکھ کر انہیں کلاسیکی موسیقی کی تعلیم کے لیے کوٹا میں مہیش چندر شرما کے پاس بھیج دیا۔ سال 2000 میں، شریا گھوشال مشہور سنگنگ ریئلٹی شو 'سا رے گا ما پا' کا حصہ بنیں جو زی ٹی وی  پر نشر ہوتا تھا۔ وہ اس کی فاتح منتخب ہوئیں۔  شریا کو اس شو اور اپنی سریلی آواز کی وجہ سے کافی پہچان ملی۔

شریانے 'سا رے گا ما پا' جیتنے کے بعد18 ماہ تک کلیان جی سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور کلاسیکی موسیقی کی تربیت بھی جاری رکھی۔ شریا کو بالی ووڈ میں پہلا بریک 2002 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'دیوداس' سے ملا۔ اس فلم میں گائے گئے گانے ’بیری پیا‘ کے لیے شریا کو نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ شریا نے اس فلم میں کل پانچ گانے گائے اور سبھی گانوں کو سامعین نے خوب پسند کیا۔ اس کے بعد شریا بالی ووڈ کے ٹاپ گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔ ہندی کے علاوہ، شریا نے آسامی، بنگالی، کنڑ، ملیالم، مراٹھی، پنجابی، تامل، تیلگو اور بھوجپوری میں بھی گانے گائے ہیں۔

شریا کے مقبول گانوں میں دھیرے جلا (پہیلی)، جادو ہے نشہ ہے (جسم)، برسو رے (گرو)، تیری اور (سنگھ از کنگ)، دیوانی مستانی (باجی راؤ مستانی)، تجھ میں رب دکھتا ہے (رب نے  بنا دی جوڑی)، سن رہا ہے نہ تو (عاشقی 2) وغیرہ شامل ہیں۔ فلمی گانوں کے علاوہ شریا نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے کئی سیریلز کے لیے بھی گایا۔ اس کے علاوہ شریا نے چھوٹے پردے پر گانے پر مبنی بہت سے ریئلٹی شوز کو جج بھی کیا ہے جن میں انڈین آئیڈل، امول وائس اسٹار آف انڈیا،چھوٹے استاد شامل ہیں۔

اپنی موسیقی کی وجہ سے ملک اور دنیا میں پہچان بنانے والی شریا گھوشال نے دس سال تک ڈیٹنگ کے بعد سال 2015 میں اپنے دوست شیلادتیہ مکھوپادھیائے سے شادی کرلی۔ شادی کے تقریباً چھ سال بعد، شریا نے مئی 2021 میں اپنے پہلے بچے کو جنم دیا،جس کا نام انہوں نے دیویان رکھا۔ شریا اب بھی گلوکاری میں سرگرم ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں۔

Recommended