یوم پیدائش پر خصوصی تحریر 4 نومبر
بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی سنجیدہ اداکارہ تبو 4 نومبر 1971 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ تبو کا پورا نام تبسم ہاشمی ہے اور وہ شبانہ اعظمی کی بھتیجی ہیں۔ فلمی پس منظر سے تعلق رکھنے والی تبو کو بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 15 سال کی عمر میں فلم 'ہم نوجوان' سے کیا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے دیو آنند کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔ دیو آنند ہی نے تبسم ہاشمی کو اسکرین کا نام تبو دیا تھا۔ اس کے بعد تبو نے تیلگو فلم 'کلی نمبر ون' میں مرکزی کردار ادا کیا۔
مرکزی کردار کے طور پر ان کی پہلی ہندی فلم 'پہلا پہلا پیار' تھی، جو سامعین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ 1994 کی فلم 'وجے پتھ' نے تبو کو بالی ووڈ کی اداکاراوں کی صف میں لاکھڑاکیا۔ تبو نے اس فلم میں اپنی شاندار اداکاری سے شائقین کے ساتھ ساتھ فلم بینوں کی بھی توجہ حاصل کی۔ اس فلم کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ اس فلم میں تبو کے اپوزیٹ اجے دیوگن تھے۔ اس کے بعد تبو نے ہندی، ملیالم، تمل، تیلگو، بنگالی کی کئی فلموں میں مضبوط کردار ادا کرکے اپنی شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔
تبو کی چند نمایاں فلموں میں وراثت، چاندنی بار، ماچس، اروور، کندوکوندین، ہو تو تو، چینی کم، دریشیم، دے دے پیار دے، جوان جانیمن وغیرہ شامل ہیں۔ تبو نے بالی ووڈ کے علاوہ ہالی ووڈ فلم’دی نیمسیک‘ میں بھی کام کیا ہے۔ ان کی فلموں کو نہ صرف شائقین نے پسند کیا بلکہ ناقدین نے بھی سراہا۔ تبو کو فلم ماچس (1996) اور چاندنی بار (2002) میں اپنی اداکاری کے لیے دو بار بہترین اداکارہ کے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے چھ فلم فیئر ایوارڈس بھی جیتے، جن میں سے چار بہترین اداکارہ کا کریٹیک ایوارڈ فلموں وراثت (1997)، ہو تو تو (1999)، استیتو (2000) اور چینی کم (2007) کے لئے اور ایک فلم حیدر (2014) کے لییبہترینمعاون اداکارہ کا ایوارڈ اور ایک فلم فیئر ایوارڈ (ساوتھفلم) اور بہترین معاون اداکارہ – تیلگو فلم کے لئے شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت ہند نے انہیں سال 2011 میں پدم شری سے نوازا۔
تبو کا شمار بالی ووڈ کی بہترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔ اپنی اداکاری کے باعث وہ آج بھی ناظرین کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔ تبو اب بھی فلم انڈسٹری میں سرگرم ہیں۔ وہ جلد ہی انیس بزمی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'بھول بھولیا 2' میں کارتک آرین اور کیارا آڈوانی کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔