Urdu News

پہلی برسی پرخراج عقیدت: ہندوستانی سنیما کا چمکتا سورج تھے دلیپ کمار

شہنشاہ جذبات دلیپ کمار

شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور دلیپ کمار کی آج پہلی برسی ہے۔ مرحوم اداکار دلیپ کمار ہندی سنیما کا وہ چمکتا سورج تھا، جنہوں نے بالی ووڈ کے ہر نئے اداکار پر اپنی چھاپ چھوڑی اور ان کے آئیڈیل بن گئے۔ دلیپ کمار اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ اب تو صرف ان کی یادیں ہی باقی ہیں۔ دلیپ کمار ایک ایسے شخص تھے جن کی اداکاری کے ٹیلنٹ کو ہر کوئی پہچانتا تھا اور ان کی فلموں میں اداکاری کا شاندار ٹیلنٹ صاف نظر آتا ہے۔ آج دلیپ کمار کی پہلی برسی پر ہم اپنے قارئین کو دلیپ کمار کی کچھ ایسی ہی فلموں کے بارے میں بتا رہے ہیں، جنہیں انہوں نے اپنی اداکاری سے یادگار بنادیا۔

دیوداس

'دیوداس' ہندوستان کے سب سے زیادہ جذباتی ناولوں میں سے ایک ہے۔ دلیپ کمار 1955 میں بمل رائے کی ہدایت کاری میں بننے والی 'دیوداس' ناول پر مبنی فلم میں مرکزی کردار میں تھے۔ اس فلم میں دیوداس مکھرجی کے کردار میں دلیپ کمار کی اداکاری کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔

مغل اعظم

دلیپ کمار کی فلم 'مغل اعظم' ہندوستانی سنیما کی ایک ایسی شاہکار تھی، جسے دلیپ کمار نے اپنی شاندار اداکاری سے امر کر دیا۔ 1960 کی اس فلم میں دلیپ کمار نے شہزادہ سلیم کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم اتنی ہٹ ہوئی کہ آج بھی اس کی کہانی پر گلی کوچوں میں ڈرامے اسٹیج کئے جاتے ہیں۔

کرانتی

1981 کی ڈرامہ اور ایکشن سے بھرپور فلم 'کرانتی' اداکار دلیپ کمار کی کبھی نہ بھولنے والی فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم میں دلیپ کمار کے ساتھ ششی کپور، شتروگھن سنہا اور اداکارہ ہیما مالنی نے بھی مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ دلیپ کمار کی یہ فلم آج بھی سنیما شائقین میں بے حد پسند کی جاتی ہے۔

مشعل

بالی ووڈ میں 80 کی دہائی کی سب سے سپر ہٹ فلموں میں سے ایک 'مشعل' ایسی فلم تھی جس میں دلیپ کمار نے اپنی شاندار اداکاری سے اپنے کردار کو پردے پر جان بخشی۔ اس فلم میں دلیپ کمار نے ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا ہے جو بہت ایماندار ہے اور 'مشعل' نام کا اخبار چلاتا ہے۔ ونود اپنے اخبار کے ذریعے سماج کی برائیوں کو سامنے لاتے ہیں۔ یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں دلیپ کمار، وحیدہ رحمان اور انیل کپور نے بھی اہم کردار ادا کئے تھے۔

کرما

1986 کی فلم 'کرما' بھی دلیپ کمار کی یادگار فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم میں دلیپ کمار نے ایک پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں انیل کپور، نصرالدین شاہ اور جیکی شراف نے بھی مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ اس فلم کے ساتھ ساتھ اس کے گانے بھی اتنے مقبول ہوئے کہ آج بھی یوم آزادی اور یوم جمہوریہ پر ہمیشہ سننے کو ملتے ہیں۔

ان سب کے علاوہ دلیپ کمار نے نیا دور، انداز، داستان، رام اور شیام، گنگا جمنا، سنگھرش، سنگدل، ترانہ، وغیرہ جیسی کئی فلموں میں شاندار اداکاری کی اور آج بھی شائقین ان کی فلمیں دیکھ کر ان کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتے۔

Recommended