Urdu News

وکرانت میسی نے محنت کے بل بوتے پر چھوٹی اسکرین سے بڑی اسکرین تک اپنی پہچان بنائی

وکرانت میسی نے محنت کے بل بوتے پر چھوٹی اسکرین سے بڑی اسکرین تک اپنی پہچان بنائی

برتھ ڈے اسپیشل 3 اپریل

چھوٹے پردے سے لے کر بڑے پردے تک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے وکرانت میسی آج اداکاری کی دنیا میں ایک جانا پہچانا نام ہے۔ 3 اپریل 1987 کو ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہونے والے وکرانت میسی کو بچپن سے ہی اداکاری اور رقص میں دلچسپی تھی۔اپنی اعلیٰ تعلیم کے دوران وکرانت کو شیامک داور کے ساتھ بطور کوریوگرافر کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد وکرانت نے اداکاری کی دنیا کا رخ کیا اور سیریل 'کہا ہوں میں ' کے ایک ایپی سوڈ میں نظر آئے۔ اس کے بعد وکرانت کو سال 2007 میں ڈزنی چینل انڈیا پر نشر ہونے والی ٹیلی ویژن سیریز 'دھوم مچاو دھوم' میں بطور اینکر اور کوریوگرافر کام کرنے کا موقع ملا۔

اس کے بعد وہ سیریل 'دھرم ویر' میں بھی اداکاری کرتے نظر آئے لیکن سال 2009-10 میں وکرانت مشہور سیریل 'بالیکا ودھو' میں ایک اہم کردار میں نظر آئے۔ اس سیریل میں انہیں شیام مدن سنگھ کے کردار کے لیے کافی پسند کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ سیریل 'بابا ایسا ورڈھونڈو' میں مرکزی کردار میں نظر آئے۔ اس کے علاوہ وکرانت کئی سیریلس میں بھی نظر آئے۔ سال 2013 میں وکرانت کو وکرمادتیہ موٹوانی کی فلم 'لٹیرا' میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں وہ رنویر سنگھ اور سوناکشی سنہا کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئے تھے۔ فلم میں انہوں نے رنویر سنگھ کے دوست کا کردار ادا کیا تھا۔فلم میں ان کی اداکاری کو خوب پذیرائی ملی تھی۔

سال 2017 میں، انہیں کونکنا سین شرما کی ہدایت کاری میں بنی ملٹی اسٹارر فلم 'اے ڈیتھ ان دی گونج' میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں وکرانت کی اداکاری کو کافی سراہا گیا۔ اس فلم کے لیے انھیں فلم فیئر بہترین اداکار (کریٹیک) کا ایوارڈ بھی ملا۔ اس کے ساتھ ہی وکرانت نے اپنی شاندار اداکاری سے فلمی دنیا میں ایک خاص پہچان بنائی۔ وکرانت کی اہم فلموں میں ہاف گرل فرینڈ، لپ اسٹک انڈر مائی برقعہ، رام پرساد کی تیرہویں، چھپاک، کارگو، حسین دلروبا، گنی ویڈس سنی وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مرزا پور، بروکن بٹ بیوٹی فلجیسی ویب سیریز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے نظر آئے۔

فلموں کے ساتھ ساتھ وکرانت سوشل میڈیا پر بھی سرگرم ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ وکرانت میسی کی ذاتی زندگی کی بات کریں تو ماڈل اور اداکارہ شیتل ٹھاکر کو تقریباً تین سال تک ڈیٹ کرنے کے بعد انہوں نے اس سال فروری میں ان سے شادی کی۔ وکرانت جلد ہی کئی فلموں میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے، جن میں فلمیں یار جگری، ممبئیکر، فورینسک، گیس لائٹ وغیرہ شامل ہیں۔

Recommended