Urdu News

پریتی زنٹا بالی ووڈ میں ‘ڈمپل گرل’ کے نام سےکیوں ہیں مشہور؟

بالی ووڈ میں ڈمپل گرل کے نام سے مشہور اداکارہ پریتی زنٹا

برتھ ڈے اسپیشل 31 جنوری

بالی ووڈ میں ڈمپل گرل کے نام سے مشہور اداکارہ پریتی زنٹا نے فلموں میں اپنی معصومیت اور سادہ اداکاری سے سب کا دل جیت لیا۔پریتی 31 جنوری 1975 کو شملہ میں پیدا ہوئیں۔ پریتی کے والد کا نام درگانند زنٹا اور والدہ کا نام نیل پربھا ہے۔ پریتی 13 سال کی تھیں جب ان کے والد ایک کار حادثے میں فوت ہو گئے۔ پریتی نے اپنی تعلیم شملہ کے کانونٹ آف جیسس اینڈ میری اسکول سے حاصل کی۔

اس کے بعد انہوں نے اپنی مزید تعلیم سینٹ فلیٹ کالج شملہ سے کی۔ پریتی نے انگلش آنرز میں گریجویشن اور کریمنل سائیکالوجی میں پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ سال 1998 میں پریتی نے منی رتنم کی فلم 'دل سے' سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اپنی پہلی ہی فلم میں انہیں فلمی اداکار شاہ رخ خان اور منیشا کوئرالہ کے ساتھ اداکاری کا موقع ملا۔ پریتی اپنی پہلی ہی فلم سے سب کی توجہ مبذول کرانے میں کامیاب رہی۔

اس فلم کے لیے پریتی کو بہترین وومن  ڈیبیو کے لیے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے بعد پریتی ہندی کے ساتھ ساتھ تیلگو اور انگریزی زبانوں کی کئی فلموں میں نظر آئیں۔ ان کی چند نمایاں فلموں میں سولجر، سنگھرش، کیا کہنا، ہر دل جو پیار کرے گا، چوری چوری چپکے چپکے، دل چاہتا ہے، کوئی مل گیا، لکشیہ، کبھی الوداع نہ کہنا، بھیاجی سپرہٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پریتی زنٹا آئی پی ایل میں کرکٹ ٹیم کنگز الیون پنجاب کی شریک مالک ہیں۔

پریتی کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کریں توانہوں نے سال 2016 میں امریکی شہری جین گڈینوف سے شادی کی۔ شادی کے تقریباً پانچ سال بعد نومبر 2021 میں 46 سالہ پریتی زنٹا سروگیسی کے ذریعے ماں بن گئیں۔ پریتی زنٹا کے جڑواں بچوں کا ایک بیٹا اور بیٹی ہے جن کا نام جئے اور جیا ہے۔

پریتی زنٹا کافی عرصے سے اداکاری کی دنیا سے دور ہیں لیکن وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں سے جڑی رہتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر پریتی زنٹا کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

Recommended