وکی کوشل اور سارہ علی خان کی فلم ‘ذرا ہٹکے ذرا بچکے’ جلد ہی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ سارہ اور وکی اس فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ دونوں مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں۔ سارہ فلم کے موقع پر اجین کے مہاکال مندر بھی گئی تھیں لیکن اس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر کافی ٹرول کیا گیا۔ اب انہوں نے اس ٹرولنگ کا جواب دیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’’ سچ پوچھیں تو یہ بات میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں اور بار بار کہہ رہی ہوں کہ میں اپنے کام کو بہت سنجیدگی سے لیتی ہوں۔ میں لوگوں کے لیے کام کرتی ہوں، اس لیے اگر انھیں کوئی چیز پسند نہ آئے تو مجھے برا لگتا ہے، لیکن یہ میرے ذاتی عقائد ہیں۔ میں اجمیر شریف اسی عقیدے کے ساتھ جاؤں گی جس عقیدے کے ساتھ میں بنگلہ صاحب یا مہاکال جاتی ہوں۔ لوگ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں، مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہر جگہ کی توانائی میرے لیے اہم ہے۔ میں توانائی پر یقین رکھتی ہوں‘‘۔
یہ پہلا موقع نہیں جب سارہ علی خان کو نیٹیزنز نے ٹرول کیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ مندر جانے پر کئی بار ٹرول ہو چکی ہیں، تب بھی انہوں نے کہا تھاکہ انہوں نے ٹرولنگ پر توجہ نہیں دی۔ دریں اثنا، اداکار وکی کوشل فلم ‘ذرا ہٹکے ذرا بچکے’ میں سارہ علی خان کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کل 2 جون کو ریلیز ہوگی۔