یوم پیدائش 27 ستمبر
’کنگ آف رومانس‘کے نام سے مشہور فلم پروڈیوسر ہدایت کار یش چوپڑا آج بے شک ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن وہ آج بھی اپنی شاندار فلموں کے ذریعہ فلم شائقین کے دل ودماغ میں زندہ ہیں۔ 27 ستمبر 1932 کو لاہور، پاکستان میں پیدا ہونے والے یش چوپڑا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز آئی ایس جوہر کے اسسٹنٹ کے طور پر کیا۔
بعد میں انہوں نے اپنے بھائی بی آر چوپڑا کے ساتھ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا، جو پہلے ہی فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر ہدایت کار کے طور پر قائم ہو چکے تھے۔
بطور ہدایت کار یش کی پہلی فلم 1959 میں ‘دھول کا پھول’ تھی۔ اس فلم میں راجندر کمار، مالا سنہا، نندا اور اشوک کمار نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ یش چوپڑا کی یہ فلم ہٹ رہی۔
اس کے بعد یش نے کئی بالی ووڈ فلموں کی ہدایت کاری کی۔ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں ‘سلسلہ’، چاندنی، لمحے، دل تو پاگل ہے، ڈر وغیرہ میں رومانس کی تعریف مختلف طریقوں سے کی گئی۔
ان فلموں کی کہانیاں ناظرین کے دلوں کو چھو گئیں۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ بالی ووڈ کا کوئی بھی ہدایت کار رومانس کو اتنے رنگوں میں پیش نہیں کر سکا جتنا ہندی سنیما میں رومانس کی مختلف شکلوں کو ڈھالنے والے یش چوپڑا نے کیا۔
اسی لیے یش چوپڑا کو بالی ووڈ کا ‘کنگ آف رومانس’ کہا جاتا ہے
1973 میں یش چوپڑا نے فلموں کی ہدایت کاری کے ساتھ ساتھفلم پروڈکشن بھی شروع کی۔ ان کے بینر سے بننے والی فلموں میں داغ: اے پوئم آف لو، کبھی کبھی، ویر زارہ، ہم تم، دھوم، ایک تھا ٹائیگر، جب تک ہے جان وغیرہ شامل ہیں۔