گجرات میں نئے وائرس میوکورمائکوسس سے 35 اموات
احمد آباد ، 07 مئی (انڈیا نیرٹیو)
کورونا مریضوں کی جان بچانے کےلیے ڈاکٹروں کی جانب سے دئے جارہے اسٹرائیڈ کے سنگین مضر اثرات سامنے آرہے ہیں۔ کورونا کی دوسری لہر میں میوکورمائکوسس کے پھیلنے میں اضافہ ہوا ہے۔ اسے بلیک فنگس بھی کہا جاتا ہے۔ وڈوڈرا میں پچھلے 50 دنوں میں ،میوکورمائکوسس کے 100 سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 20 کی موت ہوگئی ہے۔15 دن کے اندرایسے 40 سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں ، جن میں 8 مریضوں کی آنکھیں نکالنی پڑی ہیں۔ احمد آباد میں بھی پچھلے 15 دنوں میں 15 افراد کی موت ہوچکی ہے۔
ماہرین کے مطابق جومریض کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں ، اب انہیں میوکورمائکوسس کی بیماری ہو رہی ہے۔ پریشان کن بات یہ ہے کہ پہلی لہر کے مقابلے میں دوسری لہر میں میوکورمائکوسس انفیکشن زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ایک بار فنگس سے متاثر ہونے پر یہ پورے جسم میں تیزی سے پھیلتا ہے۔ اس سے پھیپھڑوں ، دماغ اور گردوں کو بھی نقصان ہوتا ہے۔میوکورمائکوسس کی اہم علامات میں آنکھوں میں درد ، آنکھ کو جلدی سے کھولنے یا بند کرنے کے قابل نہ ہونا ، کھانسی ،زکام ، بہتی ہوئی ناک ، آنکھ کا نچلا حصہ ،پھرگال کا حصہ سوج جاتا ہے۔
ای اینڈ ٹی سرجن ڈاکٹر پریتا پانڈیا نے بتایا کہ اس وقت انھیں ہر دن میوکورمائکوسس کے ایک یا دومعاملے آرہےہیں۔ جس میں بہت سارے مریضوں کی حالت بگڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور اس کا بروقت علاج کیا جائے تو مریض ٹھیک ہوسکتا ہے۔