Urdu News

خسرہ اور روبیلا جیسی مہلک بیماریوں کے تعلق سے بیداری مہم شروع

خسرہ اور روبیلا جیسی مہلک بیماریوں کے تعلق سے بیداری مہم شروع

شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنک سوسائٹی اور جعفرآباد آر ڈبلیو اے کے ممبران نے شمال مشرقی دہلی کے محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ۹ ماہ سے۵ سال کی عمر کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی مہلک بیماریوں کا ٹیکہ لگوانے اور اس سے بچاؤ کے لئے بیداری مہم شروع کی۔

تنظیم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر فہیم بیگ نے کہا کہ خسرہ ایک جان لیوا بیماری ہے، پہلے یہ بیماری مہاراشٹر میں بہت پھیلی تھی اور کئی بچوں کی جان بھی لے چکی ہے، اب یہ بیماری دہلی میں اپنے پیر پھیلا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بیماری کو خسرہ یا چھوٹی ماتا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس بیماری میں تیز بخار، جسم پر سرخ رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے، نزلہ،کھانسی، آنکھ ناک سے پانی بہنا اور چڑچڑاپن جیسی علامات بچے میں پائی جاتی۔

 یہ بیماری ایک دوسرے سے پھیلتی ہے اور فی الحال اس کا کوئی علاج نہیں ہے لیکن ٹیکا لگواکر بچاؤ ممکن ہے اس لیے ہر والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے 9 ماہ سے پانچ سال تک کے بچے کو خسرہ روبیلا کا ٹیکہ ضرور لگوائیں۔

جعفرآباد ہیلتھ سنٹر کے انچارج ڈاکٹر منان نے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی قریبی سرکاری ڈسپنسری، آنگن واڑی یا آشا ورکرز بالکل مفت ویکسین لگارہے ہیں، اس لیے آپ سب اس میں ذمہ داری لیتے ہوئے ہمارے ہیلتھ سنٹر پر آئیں اور ٹیکہ لگوائیں۔

 حکومت کی طرف سے یہ مہم گھر گھر چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہمارے بچوں کو خسرہ جیسی مہلک بیماری سے بچایا جائے اور کوئی جانی نقصان نہ ہو، اگر ایم آر وٹیکہ پہلے سے لگا ہوتو آپ سینٹر سے رابطہ کریں۔

Recommended