نئی دہلی، 24 مئی
قومی راجدھانی دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بادلوں نے موسم کے مزاج کو نرم کر دیا ہے۔ پہاڑی ریاستوں ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں موسم میں اچانک تبدیلی سے کچھ راحت ملی ہے۔ منگل کو ہماچل پردیش کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارلاچا، شنکولہ اور روہتانگ درے میں برف باری سے کلو اور لاہول اسپیتی میں موسم سرد ہوگیا ہے۔ اتراکھنڈ میں بھی پہاڑی علاقوں میں موسم نے کروٹ لی ہے۔
قومی راجدھانی دہلی کے 22 موسم مراکز میں سے سات میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ علاقے دن بھر لو کی زد میں رہے۔ شام کے وقت 48 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوا چلی اور آسمان ابر آلود ہو نے سے گرمی سے کچھ راحت ملی۔ آج صبح سے کچھ علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ آندھی چلنے اور ہلکی بارش کے آثار ہیں۔
دہلی حکومت کے عہدیداروں نے بتایا کہ گرمی کے موسم میں دہلی میں منگل کو بجلی کی مانگ بڑھ کر 6,916 میگاواٹ ہوگئی۔ یہ اس سیزن میں اب تک کی سب سے زیادہ مانگ ہے۔ گزشتہ موسم گرما میں بجلی کی سب سے زیادہ مانگ 7,695 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس سال یہ 8,100 میگاواٹ تک پہنچ سکتی ہے۔ دہلی کے اہم موسمیاتی اسٹیشن صفدرجنگ آبزرویٹری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
یہ معمول سے تین ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ وسطی دہلی کے رج ایریا میں 45.1، جعفرپور میں 45.2، نریلا میں 45.2، پیتم پورہ میں 46.1، پوسا میں 45.7 اور اسپورٹس کمپلیکس میں 46.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔