Urdu News

کووڈ کے’ اومیکرون‘ ویریئنٹ پر تشویش جاری، داخلہ سکریٹری نے کی اعلیٰ سطحی میٹنگ

کووڈ کے’ اومیکرون‘ ویریئنٹ پر تشویش جاری

مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا کی قیادت میں اتوار کو کووڈ کے نئے اومیکرون ویئریئنٹ سے متعلق دنیا بھر کے حالات کی جائزہ میٹنگ لی گئی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ خطرے کے خدشات کے پیش نظر کووڈ-19کے نئے ویریئنٹ(بی1.1529.)اومیکرون کو لے کر مرکز مکمل حکومت اور پورا سماج کے عزم کے ساتھ لڑائی کی قیادت کررہا ہے۔آج ہوئی میٹنگ میں داخلہ سکریٹری کے علاوہ نیتی آیوگ کے رکن(صحت) ڈاکٹر وی کے پال، وزیراعظم کے چیف سائنسداں صلاحکار ڈاکٹر وجے راگھون اور صحت، شہری ہوابازی اور دیگر وزارتوں کے سینئر افسران سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین شامل ہوئے۔

دوسری جانب مرکزی حکومت نے کووڈ کے معیارات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے اور کووڈ کے نئے قسم او مائیکرون سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر صحت کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریز اور ہیلتھ سکریٹریوں کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ او مائیکرون کے پیش نظر انتہائی چوکسی برتی جائے اور کووڈ گائیڈ لائن کی سختی سے پابندی کی جائے۔

راجیش بھوشن نے خط میں مزید کہ اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ او مائیکرون سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر ہیلتھ انفراسٹرکچر بنایا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے دس ممالک سے آنے والے مسافروں کے حوالے سے ہوشیار رہنے کو کہا ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کے کووڈ ٹیسٹ کے نمونے تیزی سے لیبارٹری میں بھیجے جائیں۔ اس کے علاوہ عام کووڈ ٹیسٹ میں کوئی نرمی نہیں ہونی چاہیے۔راجیش بھوشن نے خط میں کہا کہ ریاستوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر صحت کا مناسب ڈھانچہ تیار ہو۔ جانچ اور علاج کے لیے مناسب انسانی وسائل تیار کیے جائیں۔ خط میں کہا گیا کہ کسی بھی الجھن یا غلط معلومات سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے اور مقامی سطح پر باقاعدہ پریس کانفرنس منعقد کی جائیں۔

Recommended