نئی دہلی،یکم اپریل (انڈیا نیرٹیو)
ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ جمعہ کی صبح 8 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1335 نئے کورونا متاثرہ مریض پائے گئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران کورونا کی وبا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 1ہزار 918 رہی۔ 52کورونا متاثر مریض کی موت ہوگئی۔مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 4 کروڑ 24 لاکھ 90 ہزار 922 ہو گئی ہے جب کہ صحت یاب ہونے کی شرح بڑھ کر 98.76 فیصد ہو گئی ہے۔
فی الحال ملک میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد کم ہو کر 13 ہزار 672 ہو گئی ہے۔ روزانہ انفیکشن کی شرح 0.22 فیصد ہے۔آئی سی ایم آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 لاکھ، 6 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ اب تک کل 78 کروڑ 97 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
ملک میں اب تک 184.31 کروڑ سے زیادہ اینٹی کورونا ٹیکے لگے
ملک گیر ویکسینیشن مہم کے تحت جمعہ کی صبح 8 بجے تک اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی 184 کروڑ 31 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 لاکھ سے زیادہ ویکسین لگائی گئیں۔مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام صوبوں کو اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی کل 184.97 کروڑ خوراکیں مفت فراہم کی گئی ہیں۔ ان میں سے 15.62 کروڑ ویکسین کی خوراکیں اب بھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام صوبوں کے پاس موجود ہیں۔