نئی دہلی ، 4 ستمبر
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 42 ہزار سے زائد نئے کیسزسامنےآئے ہیں اور اس دوران ایکٹوکیسز کی شرح بڑھ کر 1.23 فیصد ہوگئی ہے۔
ملک میں جمعہ کے روز 58 لاکھ 85 ہزار 687 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک 67 کروڑ 72 لاکھ 11 ہزار 205 افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں ۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتے کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 42،618 نئے کیسزسامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 29 لاکھ 45 ہزار 907 ہو گئی ہے۔ اس دوران 36 ہزار 385 مریضوں کے صحتیاب ہونے سے اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ 21 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
اس دوران ایکٹو کیسز 5،903 بڑھ کر تین لاکھ 99 ہزار 778 تک پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران 366 مریضوں کی موت ہونے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4،05،681 ہو گئی ہے۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی شرح بڑھ کر 1.23 فیصد ہو گئی ہے جب کہ شفایابی کی شرح 97.43 فیصد اور شرح اموات 1.34 فیصد ہو گئی ہے ۔
مہاراشٹرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹو کیسز 139 کم ہوکر 53،999 رہ گئے ہیں۔ دریں اثنا ریاست میں 4360 مریضوں کے صحتیاب ہونے سے کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 62،86،345 ہوگئی ہے ، جب کہ 92 مریضوں کی موت کے باعث مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1،37،643 ہوگئی ہے۔