نئی دہلی، 20 دسمبر (انڈیا نیرٹیو)
ملک میں کورونا کے نئے معاملوں میں معمولی کمی آئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 6 ہزار 563 نئے مریض سامنے آئے ہیں جب کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 77 ہوگئی ہے۔ اس دوران ملک بھر میں کورونا سے 132 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کیرالہ میں اب بھی ملک میں کورونا کے سب سے زیادہ نئے معاملے درج ہو رہے ہیں۔ یہاں مزید ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ پیر کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں کل 96 اموات ہوئیں جن میں 19 دسمبر کو 11 اموات ہوئیں اور جانچ کے بعد 85 اموات کو فہرست میں شامل کیا گیا۔
مرکزی وزارت صحت کی طرف سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کی شرح 0.75 فیصد رہی۔ پچھلے 77 دنوں سے انفیکشن کی شرح دو فیصد سے نیچے ہے۔ اس وقت ملک میں 82 ہزار 267 ایکٹیوکیسز ہیں۔ اب تک تین کروڑ 41 لاکھ 87 ہزار 17 مریض کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کورونا سے صحت یاب ہونے کی شرح 98.39 فیصد ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 08 لاکھ 77 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ آئی سی ایم آر کے مطابق، اب تک کل 66 کروڑ، 51 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں 137.67 کروڑ کی اینٹی کورونا ویکسین دی گئی ہے۔
کورونا سے جنگ: ملک میں اب تک 137.67 کروڑ ویکسین لگائی گئیں
کورونا کے خلاف جنگ میں موثر ویکسی نیشن مہم کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں تقریباً 31 لاکھ ویکسین لگائی گئیں۔اس کے ساتھ ملک میں اب تک 137.67 کروڑ ویکسین لگائی جا چکی ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق، پیر کی صبح تک ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 145.61 کروڑ ویکسین کی خوراک مفت فراہم کی گئی ہے۔ ریاستوں کے پاس اب بھی 17.99 کروڑ ویکسین کی خوراک موجود ہے۔