نئی دہلی، 3 نومبر (انڈیا نیرٹیو)
ملک میں کورونا کی تباہ کاریوں کے درمیان اب ڈینگو کے کیسز بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ڈینگو کے بڑھتے معاملے نے مرکزی وزارت صحت کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ رواں سال ملک میں ڈینگی کے ایک لاکھ 16 ہزار 991 معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔صورت حال کا پتہ لگانے اور ریاستوں کی مدد کے لیے وزارت صحت نے بدھ کو ماہرین کی اعلیٰ سطحی ٹیمیں ان ریاستوں میں بھیجی ہیں۔
ملک میں خاص طور پر سات ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈینگو کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ان میں ہریانہ، کیرالہ، پنجاب، راجستھان، تامل ناڈو، اتر پردیش، اتراکھنڈ، دہلی اور جموں و کشمیر شامل ہیں۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزارت صحت نے بدھ کو ماہرین کی اعلیٰ سطحی ٹیمیں ان ریاستوں میں بھیجی ہیں۔ ان ٹیموں میں NCDC، مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے ماہرین شامل ہیں۔ ماہرین کی ٹیمیں ریاستوں کو ڈینگو کے علاج اور روک تھام کے لیے تجاویز دیں گی اور ریاستوں کی مدد کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیموں کے ذریعے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تال میل قائم کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے اس معاملے پر یکم نومبر کو ریاستوں کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ واضح رہے کہ اکتوبر کے مہینے میں ڈینگو کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں 15 ریاستیں ایسی ہیں جہاں سے ڈینگو کے 86 فیصد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔