Urdu News

ہماچل بھارت کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے اپنی پوری اہل آبادی کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دے دی ہے

آزادی کا امرت مہوتسو کے موقع پر ، وزیر اعظم نے ہماچل کے کسانوں اور باغبانوں پر زور دیا کہ وہ اگلے 25 سالوں میں ہماچل میں کاشتکاری کو نامیاتی بنائیں۔

 نئی دہلی:06؍ستمبر 2021

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہماچل پردیش میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں اور کووڈ ویکسینیشن پروگرام کے مستفیدین کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقع پرمعززگورنر، معزز وزیراعلی ، مرکزی وزیرجناب جے پی نڈا، مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر، اراکین پارلیمان ، اراکین اسمبلی، پنچایتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ دیگرشخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

بات چیت کے دوران، سول اسپتال کے ڈاکٹرراہل ، ڈودرہ کوار شملہ سے بات کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے ویکسین کے ضیاع کو کم کرنے پر ٹیم کی تعریف کی اور مشکل ترین علاقے میں خدمات انجام دینے کے بارے میں ان کے تجربے پر تبادلہ خیال کیا۔حکومت کی  مف ٹیکہ کاری مہم  سے فائدہ اٹھانے والے(ٹیکہ لگانے والے)شری دیال سنگھ کے تھوناگ، منڈی سے بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے ویکسینیشن کی سہولیات اور ویکسینیشن سے متعلق افواہوں سے کیسے نمٹا جائے اس کے بارے میں دریافت کی۔ ٹیکہ لگانے والے اور خود کو کووڈ سے بچانے والے شخص نے وزیراعظم کی قیادت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ہماچل ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔ کلو سے تعلق رکھنے والی آشا ورکر نرما دیوی کے ساتھ ، وزیر اعظم نے ویکسینیشن مہم کے بارے میں ان کے تجربے کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعظم نے ویکسینیشن مہم میں مقامی روایات کے استعمال کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے ٹیم کے تیار کردہ تبادلہ خیال کے نئے طریقوں اور بہتر تال میل اور تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے دریافت کیا کہ ٹیم نے ویکسین کے انتظامات کے لیے طویل فاصلہ کیسے طے کیا؟

محترمہ نرملا دیوی ، ہمیر پور کے ساتھ ، وزیر اعظم نے بزرگ شہریوں کے تجربات پر تبادلہ خیال کیا جنہوں نے ویکسین کی مناسب فراہمی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور مہم کی جم کر ستائش کی۔ وزیر اعظم نے ہماچل میں چلنے والی صحت سکیموں کی تعریف کی۔ اونا کی کرمو دیوی جی کو 22500 افراد کو ویکسین لگانے کا اعزاز حاصل ہے۔ وزیر اعظم نے ان کے اس جذبے  اور شاندار کام کی تعریف کی کیونکہ وہ پیروں میں فریکچر کے باوجود مسلسل کام کرتی رہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کرمو دیوی جیسے لوگوں کی کوششوں کی وجہ سے دنیا کا سب سے بڑا ویکسینیشن پروگرام جاری ہے۔ جناب نوانگ اپشک ، لاہول اور اسپتی کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے دریافت کیا کہ وہ لوگوں کو ویکسین لینے کے لیے قائل کرنے کے لیے ایک روحانی پیشوا کی حیثیت سے کس طرح اپنی پوزیشن(اپنے رتبے) کا استعمال کرتے ہیں۔ جناب مودی نے علاقے میں زندگی پر اٹل سرنگ کے اثرات کے بارے میں بھی بات کی۔ جناب  اپشک نے سفر کے وقت کو کم کرنے اور بہتر رابطے کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے بدھ مت کے قائدین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لاہول اسپتی کو ویکسینیشن مہم میں سب سے آگے لانے میں کلیدی کردار ادا کی۔ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے بہت ہی ذاتی اور غیر رسمی نوعیت کی باتیں بھی کیں۔

وزیر اعظم نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش 100 سالوں میں سب سے بڑی وبا کے خلاف جنگ میں چیمپئن بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماچل ہندوستان کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے اپنی پوری اہل آبادی کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دے دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس کامیابی نے آتم وشواس (خود اعتمادی) اور آتمنربھرتا(خود کفالت) کی اہمیت کو واضح کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں ٹیکہ کاری مہم کی کامیابی اس کے شہریوں کے جذبے اور محنت کا نتیجہ ہے۔ بھارت 1.25 کروڑ کی ریکارڈ رفتار سے ویکسینیشن کر رہا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بھارت میں ایک دن میں ویکسینیشن کی تعداد کئی ممالک کی آبادی سے زیادہ ہے۔ وزیر اعظم نے ویکسینیشن مہم میں ڈاکٹروں ، آشا ورکرز ، آنگن واڑی ورکرز ، طبی عملے ، اساتذہ اور خواتین کی شراکت کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر 'سب کا پریاس' کی بات کی ، انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اسی کا مظہر اور بین ثبوت ہے۔ انہوں نے ہماچل کو دیوتاؤں کی سرزمین بھی قرار ددیا  اور اس سلسلے میں تبادلہ خیال کے نئے طریقوں اور بہتر تال میل اور تعاون کے منفرد ماڈل کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے خوشی کا اظہار کیا کہ لاہول سپتی جیسے دور دراز ضلع میں بھی ہماچل 100 فیصد پہلی خوراک دینے میں سرفہرست رہا ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جو اٹل سرنگ کی تعمیر سے قبل مہینوں تک ملک کے باقی حصوں سے کٹ جاتا تھا۔ انہوں نے ہماچل کے لوگوں کی تعریف کی کہ وہ کسی بھی افواہ یا غلط معلومات کو ویکسینیشن کی کوششوں میں رکاوٹ نہ بننے دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماچل اس بات کا ثبوت ہے کہ کس طرح ملک کا دیہی معاشرہ دنیا کی سب سے بڑی اور تیز ترین ویکسینیشن مہم کو بااختیار بنا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کو مضبوط روابط کا براہ راست فائدہ بھی مل رہا ہے ، پھل اور سبزیاں پیدا کرنے والے کسان اور باغبان بھی اسے حاصل کر رہے ہیں۔ دیہات میں انٹرنیٹ کنیکٹی ویٹی کے استعمال سے ہماچل کے نوجوان اپنی ہنرمندی کے ذریعہ اپنی پیش بہا ثقافت اور سیاحت کے نئے امکانات کو ملک اور بیرون ملک تک لے جا سکتے ہیں۔

حال ہی میں عام لوگوں کے لیے جاری  کیے گئے ڈرونز کے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ قوانین صحت اور زراعت جیسے کئی شعبوں میں مددگار ثابت ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سے نئے امکانات کے دروازے کھلیں گے۔ وزیراعظم نے اپنے یوم آزادی کے اعلانات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اب خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے لیے ایک خصوصی آن لائن پلیٹ فارم بنانے جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میڈیم کے ذریعے ہماری بہنیں ملک اور دنیا میں اپنی مصنوعات فروخت کرسکیں گی۔ وہ سیب ، سنترے ، کینو ، مشروم ، ٹماٹر جیسی بہت سی مصنوعات کو ملک کے ہر کونے اورحصے تک پہنچا سکیں گی۔

آزادی کا امرت مہوتسو کے موقع پر ، وزیر اعظم نے ہماچل کے کسانوں اور باغبانوں پر زور دیا کہ وہ اگلے 25 سالوں میں ہماچل میں کاشتکاری کو نامیاتی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ ہمیں اپنی مٹی کو کیمیکل سے پاک کرنا ہوگا۔

Recommended