ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں دو لاکھ تیراسی ہزار سے زائد مریض صحت یاب
ملک میں کورونا وائرس کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں گراوٹ کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شفایاب ہونے کی شرح لگاتار بہتر ہو رہی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق صحت یاب ہونے کی شرح آج 90 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔
وزارت نے بتایا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے میں دو لاکھ 83 ہزار سے زیادہ مریض روبہ صحت ہوئے ہیں۔ اس طرح اب تک دو کروڑ 46 لاکھ سے زیادہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ کووڈ19- کے زیر علاج مریضوں کی تعداد، مجموعی طور پر متاثرہ معاملات کا آٹھ اعشاریہ آٹھ چار فیصد رہ گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ملک میں سر دست 24 لاکھ 19 ہزار سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔ ملک میں پچھلے 24 گھنٹے میں کووڈ کے دو لاکھ گیارہ ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ پچھلے 24گھنٹے میں تین ہزار 847 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ اس طرح ملک میں کووڈ سے تین لاکھ 15 ہزار سے زیادہ افراد کی موت ہو چکی ہے۔
ملک میں اب تک تقریباً 20 کروڑ 27 لاکھ کووڈ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق کل 18لاکھ 85 ہزار سے زیادہ افراد کو کووڈ19- سے بچاوکے ٹیکے لگائے گئے۔ وزارت نے کہا ہے کہ امریکہ کے بعد بھارت ایسا دوسرا ملک ہے جس نے 20 کروڑ ٹیکے لگانے کا سنگ میل حاصل کیا ہے۔ بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم اس سال 16 جنوری کو شروع کی گئی تھی۔
مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اب تک 22 کروڑ 16 لاکھ سے زیادہ کووڈ ویکسین فراہم کئے ہیں۔ وزارت نے کہا ہے کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پاس اب بھی ایک کروڑ 84 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیکے بچے ہوئے ہیں جنہیں متعلقہ لوگوں کو لگایا جانا ہے۔ وزارت صحت نے یقین دلایا ہے کہ اگلے تین دن میں گیارہ لاکھ ویکسین دستیاب کرائے جائیں گے۔