Urdu News

جموں وکشمیر: ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر سشیل شرما غریبوں کے مسیحا

ڈاکٹر سشیل شرما

سری نگر، 27ستمبر

ایک ایسے وقت میں جب ڈاکٹر زیادہ سے زیادہ نجی پریکٹس پر توجہ مرکوز کر کے زیادہ سے زیادہ آمدنی جمع کرنے کی دوڑ میں لگے ہیں،وہیں جموں میں ایک ڈاکٹر ہے جس نے اپنی زندگی کو نجی کلینک کھولنے کی بجائے اپنی سرکاری ڈیوٹی کے بعد بچنے والے وقت کو غریبوں کا مفت علاج ومعالجہ کرنے کے لیےوقف کر دیا ہے۔

امراض ِ قلب کے ماہر ڈاکٹر سشیل شرما جموں وکشمیر کے اندر ماہرمعالجین میںایک ایسا منفرد نام ہے ، جنہوں نے امراض قلب سے متعلق بیداری پھیلانے اورغریب لوگوں کے علاج ومعالجہ میں ناقابل ِ فراموش خدمات انجام دیں ہیں۔

سرحدی ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سشیل شرما اِس وقت سپر اسپیشلٹی اسپتال اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں شعبہ کارڈیالوجی کے سربراہ ہیں،اُن کی خاص بات یہ ہے کہ وہ نجی پریکٹس نہیں کرتے۔ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت او پی ڈی میں مریضوں کو چیک کرنے پر دیتے ہیں۔

اِس کے علاوہ اتوار اور سرکاری تعطیل پر وہ چند رضاکاروں کے ہمراہ دور دراز گاؤں میں جاکر مفت طبی کیمپ لگاتے ہیں، جہاں پر لوگوں کو امراض ِ قلب سے بچنے کے لئے احتیاتی اقدامات، بیداری لانے کے علاوہ اُن کے ضروری ٹسٹ کئے جاتے ہیں اور ضرورت کے مطابق اُن کو ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

 ڈاکٹر سشیل شرما نے ملاپ نیوز نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ دس سال قبل انہوں نے مفت کیمپ لگانے کا عمل شروع کیاتھا، آج تک وہ جموں ، سانبہ، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے دور دراز گاوں میں 300سے زائد کیمپ لگاچکے ہیں۔

Recommended