گزشتہ چوبیس گھنٹے میں تین لاکھ پچپن ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب،شفایابی کی شرح 88.30 فیصد ہوئی
ملک میں کووڈ کے زیر علاج مریضوں کی مجموعی تعداد میں قابل قدر گراوٹ آئی ہے اور اس طرح ملک کووڈ صحت یابی کے راستے پر مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ آج لگاتار دسواں دن ہے کہ جب ڈسچارج کئے جانے والے مریضوں کی تعداد نئے معاملات سے زیادہ ہے۔
پچھلے 24گھنٹے میں کووڈ کے تین لاکھ 55 ہزار سے زیادہ مریض پوری طرح صحت یاب ہوئے جب کہ ملک میں اسی عرصے میں دو لاکھ 40 ہزار 842 نئے معاملات سامنے آئے۔ اس طرح ملک میں صحت یاب ہونے کی شرح مزید بہتر ہوکر 88 اعشاریہ تین صفر فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد مجموعی طور پر متاثرہ معاملات کا 10 اعشاریہ پانچ سات فیصد رہ گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ملک میں سردست 28 لاکھ افراد اس وبا سے متاثر ہیں۔ وہ یا تو اسپتالوں میں زیر علاج ہیں یا انہیں گھر میں ہی الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ وزارت نے بتایا ہے کہ ملک میں اب تک کووڈ19- انفیکشن کے دو کروڑ34 لاکھ سے زیادہ افراد روبہ صحت ہو چکے ہیں۔ پچھلے 24گھنٹے میں کووڈ سے تین ہزار 741 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ اس طرح اس وائرس سے اب تک دو لاکھ 99 ہزار 266 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
اِدھر طبی تحقیق کی بھارتی کونسلICMR نے کہا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر کووڈ19- کے 32 کروڑ 86 لاکھ سے زیادہ ٹسٹ کئے جا چکے ہیں۔ کونسل نے بتایا ہے کہ روزانہ جانچ کرنے کے اعتبار سے پچھلے 24گھنٹے میں 21 لاکھ 23 ہزار سے زیادہ نمونوں کی جانچ کر کے ایک اور سنگ میل حاصل کیا گیا ہے۔
ملک میں 2 ہزار 558 لیبس کووڈ نمونوں کی جانچ کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔ اِن میں ایک ہزار 259 سرکار اور ایک ہزار 299 پرائیویٹ لیبس شامل ہیں۔