کورونا کے نئے ورڑناومیکرون نے ملک میں دستک دے دی ہے۔ ملک میں اب تک اس اومیکرون کے دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ دونوں کیس کرناٹک سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ دونوں مسافر جنوبی افریقہ سے کرناٹک پہنچے تھے۔
جمعرات کو مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک میں کورونا کے نئے ورڑن اومیکرون کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ دونوں افراد جنوبی افریقہ سے واپس آئے تھے۔ اومیکرون کے مریضوں میں سے ایک کی عمر 66 سال اور دوسرے کی عمر 46 سال ہے۔ دونوں میں کورونا کی ہلکی علامات ہیں۔
لو اگروال نے کہا کہ دونوں نئے مریضوں کے رابطے میں آنے والے لوگوں کا سراغ لگایا گیا ہے۔ ان سب کو بھی چیک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات اب قابو میں ہیں۔
این سی ڈی سی کے ڈائریکٹر سوجیت سنگھ نے کہا کہ 26 نومبر سے اب تک کل 883 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے، جس میں دو نمونوں میں اومیکرون ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔